Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزیر خارجہ کا اسحاق ڈار سے رابطہ، خطے میں امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے عزم کو سراہا

اسحاق ڈار نے مملکت کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں خطے کی صورتحال اور حالیہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جمعرات کو پاکستان کی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق شہزادہ فیصل نے خطے میں امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے عزم کو سراہا اور استحکام کے لیے اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
اسحاق ڈار نے مملکت کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سعودی عرب کے ساتھ قریبی روابط جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
گذشتہ ہفتے سعودی عرب نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی کشیدگی اور جھڑپوں پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ’پاکستان اور افغانستان کے سرحدی علاقوں میں کشیدگی کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔
 ’مملکت نے فریقین پر تحمل کا مظاہرہ کرنے، کشیدگی سے گریز، خطے میں سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے کےلیے بات چیت اور حکمت اپنانے پر زور دیا۔
وزارت نے بیان میں امن و استحکام  کے حوالے سے تمام علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کی سپورٹ کا اعادہ کیا جو پاکستانی اور افغان عوام کے لیے استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینے کےلیے ہیں۔

 

شیئر: