پاکستان کے جی ایف تھنڈر بلاک تھری لڑاکا طیارے ’بغیر رکے‘ آذربائیجان پہنچ گئے
اتوار 19 اکتوبر 2025 11:37
پاکستان فضائیہ (پی اے ایف) کا ایک خصوصی دستہ آذربائیجان پہنچ گیا ہے جس میں جدید ترین جے ایف تھنڈر بلاک تھری لڑاکا طیارے شامل ہیں۔
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے اتوار کو جاری کردہ بیان کے مطابق یہ خصوصی دستہ دوطرفہ فضائی جنگی مشق ’انڈس شیلڈ الفا‘ میں حصہ لے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے پاکستان سے آذربائیجان تک بغیر رکے پرواز کی جس کے دوران فضاء میں ایئر ٹو ایئر ریفیولنگ کا کامیاب مظاہرہ کیا گیا۔
بیان کے مطابق ’ری فیولنگ کا یہ پیچیدہ عمل پی اے ایف کے آئی ایل 78 ایریئل ٹینکر کے ذریعے انتہائی مہارت سے انجام دیا گیا جو نہ صرف طیاروں کی طویل فاصلے کی صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے بلکہ پاک فضائیہ کے فضائی عملے کی پیشہ ورانہ مہارت اور بین الاقوامی مشنز کے لیے تیاری کو بھی اجاگر کرتا ہے۔‘
’انڈس شیلڈ الفا‘ مشق کا مقصد دونوں برادر فضائی افواج کے درمیان باہمی سمجھ بوجھ، جنگی ہم آہنگی اور مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت کو فروغ دینا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشق میں جدید فضائی جنگی حکمت عملی، مشترکہ مشن پلاننگ اور تیزی سے بدلتی ہوئی ٹیکنالوجی کے تناظر میں فضائی طاقت کے ارتقاء پر توجہ دی جائے گی۔‘
’یہ مشق آپریشنل تجربات کے تبادلے اور ابھرتے ہوئے فضائی دفاعی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی کو مضبوط بنانے کا ایک اہم موقع بھی فراہم کرے گی۔‘
