پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوحہ میں مذاکرات آج ہوں گے
ہفتہ 18 اکتوبر 2025 10:40
جمعرات کو دونوں ممالک نے دوحہ مذاکرات کے اختتام تک جنگ بندی کو توسیع دینے کا اعلان کیا تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور افغانستان کے وفود کے درمیان میں آج قطر کے دارالحکومت دوحہ میں مذاکرات متوقع ہیں۔
سنیچر کی صبح پاکستان کے سرکاری میڈیا نے خبر دی کہ وزیرِدفاع خواجہ محمد آصف اور انٹیلیجنس چیف جنرل عاصم ملک آج دوحہ روانہ ہوں گے۔
اس سے قبل جمعے اور سنیچر کی شب پاکستان کے سکیورٹی ذرائع نے کہا تھا کہ ’پاکستان کے وفد کی کل صبح دوحہ روانگی متوقع ہے۔‘
دوسری جانب افغان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے سنیچر کو ایکس پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’پاکستان کے ساتھ مذاکرات آج دوحہ میں ہوں گے۔‘
افغان حکومت کے ترجمان نے اپنے بیان میں الزام عائد کیا ہے کہ ’پاکستانی فوج نے گزشتہ شب پکتیکا کے علاقوں میں دوبارہ فضائی حملے کیے ہیں جن میں متعدد سویلین افراد ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اسلامی امارات اس حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور یہ اقدامات افغانستان کی خودمختاری کے خلاف ورزی ہے۔‘
تاہم پاکستان کے سکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ ’فورسز نے پکتیکا میں تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے حافظ گل بہادر گروپ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے جو پاکستانی فورسز پر خودکش حملے میں ملوث تھا۔‘
پاکستان اور افغانستان کے درمیان گزشتہ ہفتے شروع ہونے والی جھڑپوں کے بعد 17 اکتوبر کو ابتدائی طور پر 48 گھنٹوں کے لیے جنگ بندی پر اتفاق ہوا تھا۔
اس کے بعد جمعرات کو دونوں ممالک نے دوحہ مذاکرات کے اختتام تک جنگ بندی کو توسیع دینے کا اعلان کیا تھا۔
