Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دنیا بھر میں سنیپ چیٹ، فورٹ نائٹ، الیکسا اور دیگر بڑی سروسز معطل، وجہ کیا؟

ایمازون ویب سروس کی معطلی کے باعث متعدد انٹرنیٹ ایپلی کیشن کام نہیں کر رہیں۔ (فوٹو: ڈاؤن ڈیٹیکٹر)
ٹیکنالوجی ویب سائٹ دی ورج کے مطابق دنیا بھر میں ایمازون ویب سروسز  اس وقت ایک بڑے تعطل کا شکار ہیں جس کے باعث متعدد آن لائن سروسز جیسے ایمازون، الیکسا، سنیپ چیٹ، فورٹ نائٹ، چیٹ جی پی ٹی، ایپک گیمز سٹور، ایپک آن لائن سروسز اور دیگر پلیٹ فارمز بند ہوگئے ہیں۔
اے ڈبلیو ایس کے سٹیٹس چیکر کے مطابق متعدد سروسز ’آپریشنل مسائل‘ سے متاثر ہیں، اور کمپنی یہ تسلیم کر رہی ہے کہ وہ امریکہ کے مشرقی خطے (US-EAST-1) میں متعدد سروسز میں بڑھتے ہوئے ایرر ریٹس اور تاخیر کی تحقیقات کر رہی ہے، تاہم اس تعطل کے اثرات دنیا کے دیگر خطوں میں بھی دیکھے جا رہے ہیں۔ 
ریڈٹ پر صارفین نے رپورٹ کیا ہے کہ الیکسا سمارٹ اسسٹنٹ کام نہیں کر رہی اور سوالات یا ہدایات کا جواب دینے سے قاصر ہے۔ 
اس کے علاوہ یہ مسئلہ بھی دیکھا گیا کہ پہلے سے سیٹ کیے گئے الارم جیسے ’رُوٹیِنز‘ بھی غیر فعال ہو چکے ہیں۔
ایمازون ویب سروس کا یہ مسئلہ اُن پلیٹ فارمز کو بھی متاثر کر رہا ہے جو اس کے کلاؤڈ نیٹ ورک پر چلتے ہیں، جن میں پرپلیکسٹی، ایئئر ٹیبل، کینوا اور میکڈونلڈز کے ایپس شامل ہیں۔ 
تعطل کی اصل وجہ تاحال واضح نہیں کی گئی، اور یہ بھی معلوم نہیں کہ معمول کی سروس کب بحال ہوگی۔
پرپلیکسٹی کے سی ای او، اروند سرینواس نے پلیٹ فارم  ایکس سابقہ ٹوئٹر پر تصدیق کی کہ پرپلیکسٹی فی الحال بند ہے، اس کی بنیادی وجہ اے ڈبلیو ایس کا مسئلہ ہے اور وہ اسے حل کرنے پر کام کر رہے ہیں۔
اے ڈبلیو ایس کے ڈیش بورڈ نے پہلے مشرقی وقت کے مطابق صبح 3:11 بجے اس مسئلے کی اطلاع دی تھی۔
کمپنی نے اپنے تازہ بیان میں کہا ’ہم مسئلے کے حل اور اس کی بنیادی وجوہات کو سمجھنے پر کام کر رہے ہیں۔ ہم 45 منٹ میں یا اس سے پہلے نئی معلومات فراہم کریں گے۔‘
اس سے قبل بھی  سنہ 2020، 2021، اور 2023 میں US-EAST-1 ریجن میں اے ڈبلیو ایس کے تعطل نے متعدد ویب سائٹس اور پلیٹ فارمز کو کئی گھنٹوں کے لیے متاثر کیا تھا، جس کے بعد معمول کی سروس بحال کی گئی تھی۔
 

شیئر: