مشہور سوشل میڈیا ایپ ’سنیپ چیٹ‘ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی میموریز فیچر میں محفوظ کی گئی پرانی تصاویر اور پوسٹس پر پانچ جی بی سے زیادہ سٹوریج استعمال کرنے والے صارفین سے فیس وصول کرے گی۔
کمپنی نے اپنے بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ وہ نئی میموریز سٹوریج پلانز متعارف کرا رہی ہے جو ان صارفین کے لیے ہوں گے جن کا محفوظ کردہ ڈیٹا پانچ جی بی سے تجاوز کر چکا ہو۔
مزید پڑھیں
-
چین میں روبوٹک ٹانگوں کی ایجاد، چلنے یا دوڑنے میں کتنی معاون؟Node ID: 895144
سنیپ چیٹ کے مطابق اکثر صارفین جن کی میموریز پانچ جی بی سے کم ہیں ان کے لیے کچھ نہیں بدلے گا، تاہم جن صارفین کو زیادہ سٹوریج کی ضرورت ہے وہ اپنی سٹوریج بڑھا سکتے ہیں تاکہ اپنی تصاویز اور ویڈیوز محفوظ رکھ سکیں۔
نئی سٹوریج سکیم کے تحت 100 جی بی، 250 جی بی (سنیپ چیٹ پلس کے ساتھ) اور پانچ ٹی بی (سنیپ چیٹ پلاٹینم کے ساتھ) کے پلان دستیاب ہوں گے۔
کمپنی نے تسلیم کیا کہ مفت سروس سے فیس کی طرف جانا صارفین کے لیے آسان نہیں ہوتا، لیکن یہ فیس اس فیچر کی بہتری اور پائیداری کے لیے ضروری ہے۔
سنیپ چیٹ کی انتظامیہ کا مزید کہان ہے کہ ’یہ تبدیلیاں ہمیں میموریز کو بہتر بنانے اور پوری کمیونٹی کے لیے اسے جاری رکھنے میں مدد دیں گی۔‘
سنیپ چیٹ نے ان پلانز کی مکمل قیمت تو ظاہر نہیں کی مگر ’ٹیک کرنچ‘ سے بات کرتے ہوئے کمپنی کے ترجمان نے بتایا کہ ’100 جی بی سٹوریج پلان کی قیمت ماہانہ 1.99 ڈالر رکھی گئی ہے جبکہ 250 جی بی سٹوریج سنیپ چیٹ پلس (3.99 ڈالر ماہانہ سبسکرپشن) کا حصہ ہوگا۔
یاد رہے کہ سنیپ چیٹ کی میموریز فیچر سنہ 2016 میں متعارف کرائی گئی تھی اور تب سے اب تک صارفین نے اس میں ایک ٹریلین سے زائد تصاویر اور پوسٹس محفوظ کی ہیں۔
جن صارفین کا ڈیٹا پانچ جی بی سے زیادہ ہے انہیں 12 ماہ کی عارضی سٹوریج دی جائے گی جس کے دوران وہ اپنی پرانی میموریز ڈاؤن لوڈ کر کے اپنی ڈیوائس میں محفوظ کر سکتے ہیں۔