پاکستان میں GO AI Hub مصنوعی ذہانت مرکز کا افتتاح
’تقریب کے دوران GO AI Hub کے نام سے مصنوعی ذہانت مرکز کے قیام کا اعلان کیا گیا‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کے تناظر میں، گو ٹیلی کمیونی کیشنز گروپ GO Group نے اسلام آباد میں تقریب کا انعقاد کیا ہے جس کا عنوان ’مستقبل کی توانائی: گو ٹیلی کمیونی کیشنز سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان جدت کا پُل‘ تھا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق تقریب کے دوران GO AI Hub کے نام سے مصنوعی ذہانت کا مرکز اور ٹیلنٹ سینٹر کے قیام کا اعلان کیا گیا ہے۔
تقریب میں دونوں ممالک کے متعدد اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی ہے جن میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی اور وفاقی وزیر برائے اطلاعات و ٹیکنالوجی محترمہ شازا فاطمہ خواجہ سمیت دونوں ممالک کے مواصلاتی و تکنیکی شعبوں کے رہنما شامل تھے۔

یہ اقدام دونوں ممالک کی قیادت کے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتا ہے، جو ڈیجیٹل معیشت کو مضبوط بنانے، انسانی صلاحیتوں کی ترقی اور جدید ٹیکنالوجیز کو پائیدار اقتصادی ترقی کے محرک کے طور پر فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔
یہ منصوبہ گو ٹیلی کمیونی کیشنز گروپ کے اس عزم کی بھی توثیق کرتا ہے جو سعودی عرب کی اعلیٰ قیادت کے اس وژن کے مطابق ہے جس کا مقصد قومی معیشت کی تنوع پذیری، سعودی عرب کو علاقائی اختراع اور ڈیجیٹل تبدیلی کے مرکز کے طور پر مضبوط کرنا اور پاکستان کے ساتھ علمی و تکنیکی تعاون کے پل استوار کرنا ہے۔
تقریب کا اختتام سعودی اور پاکستانی اداروں کے درمیان متعدد مفاہمتی یادداشتوں کے دستخط کے ساتھ ہوا جن کا مقصد اختراع، مصنوعی ذہانت اور تکنیکی ترقی کے میدانوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔
یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان ڈیجیٹل شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہے جو مستقبل کی ٹیکنالوجیز اور ڈیجیٹل انٹرپرینیورشپ میں مزید مشترکہ اقدامات کی راہ ہموار کرے گا۔