سعودی عرب کے آسمان میں شہابیوں کی بارش ہوگی
’یہ شہابیئے عام طور پر دو اکتوبر سے 7 نومبر کے درمیان فعال رہتے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی عرب اور عرب دنیا کے آسمان پر خوبصورت فلکی مظاہرہ ہوگا جس میں ’الجباریات‘ نامی شہابیوں کی بارش ہوگی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ماہرین نے توقع ظاہر کی ہے کہ یہ مظاہرہ واضح طور پر فجر سے قبل کے اوقات میں دیکھا جا سکے گا۔
جدہ کی فلکیاتی علوم کی کمیٹی کے صدر انجینئر ماجد ابو زاہرہ نے کہا ہے کہ ’اس سال کے حالات مشاہدے کے لئے نہایت موزوں ہیں کیونکہ چاند فجر سے پہلے غروب ہو جائے گا جس سے آسمان تاریک رہے گا اور شہابیوں کو واضح طور پر دیکھا جا سکے گا‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’یہ شہابیئے عام طور پر دو اکتوبر سے 7 نومبر کے درمیان فعال رہتے ہیں‘۔
انہوں نے بتایا کہ ’یہ درمیانی درجے کی شہابی بارش ہے جس میں شہروں کی روشنی سے دور مقامات پر فی گھنٹہ تقریباً 20 شہاب دیکھے جا سکتے ہیں‘۔
’ان شہابوں کا منبع ہالی دمدار ستارہ Halley’s Comet ہے جو دوبارہ جولائی 2061 میں سورج کے قریب آئے گا‘۔
’بعض شہاب ایسے بھی ہوں گے جو چمکدار دُم کے ساتھ آسمان میں نمایاں طور پر نظر آئیں گے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’اس منظر کے لئے دوربین یا ٹیلیسکوپ کی ضرورت نہیں، صرف اندھیرا اور کشادہ مقام کافی ہے جہاں سے آسمان صاف دکھائی دے‘۔