Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی آئی اے کا اتحاد ایئرویز سے کوڈ شیئر معاہدہ، کون سی نئی سہولیات ملیں گی؟

پی آئی اے کے مطابق اس معاہدے کا باقاعدہ اطلاق 31 اکتوبر کو ہو گا (فائل فوٹو: شٹرسٹاک)
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے بین الاقوامی پروازوں میں مسافروں کے لیے مزید سہولیات کے لیے اتحاد ایئرویز سے کوڈ شیئر معاہدہ کیا ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان نے پیر کو ایک بیان میں کہا ہے اس کوڈ شیئر معاہدے میں کارگو اور فریکوئنٹ فلائر سہولیات بھی شامل ہوں گی۔
اس معاہدے کا باقاعدہ اطلاق 31 اکتوبر کو ہو گا اور اس کے نتیجے میں پی آئی اے کی آمدن میں میں اضافہ ہو گا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ’​یہ معاہدہ پی آئی اے کے لیے ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس کا مسافر پروازوں کے علاوہ کارگو سروسز پر بھی اطلاق ہو گا۔‘
’ پی آئی اے مسافروں کو فریکوئنٹ فلائر پروگرام کی سہولت بھی کوڈ شیئر نیٹ ورک میں دستیاب ہو گی۔ ​یہ شراکت داری ان روٹس پر قابل عمل ہو گی جہاں پر پی آئی اے کی  پروازیں براہ راست نہیں جاتیں۔‘
اتحاد ایئرویز کے وسیع نیٹ ورک کے ذریعے ہمارے مسافروں کو جامع سفری سہولیات میسر ہو گی۔‘
کوڈ شیئر معاہدہ کیا ہوتا ہے؟
کوڈ شیئر معاہدہ  ایک ایسا معاہدہ ہوتا ہے جو دو یا زیادہ ایئرلائنز کے درمیان طے پاتا ہے تاکہ وہ ایک دوسرے کی پروازوں پر اپنی پروازوں کے کوڈز استعمال کر سکیں۔
اس کا مقصد مسافروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا، مختلف منازل تک آسان رسائی دینا اور ایئرلائنز کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ہوتا ہے۔
اس معاہدے کے تحت ایک ایئرلائن کسی دوسری ایئرلائن کی پرواز کو اپنے نظام میں شامل کر کے اپنے کوڈ کے تحت فروخت کرتی ہے حالانکہ اصل پرواز دوسری ایئرلائن چلا رہی ہوتی ہے۔
مثال کے طور پر اگر پی آئی اے اور اتحاد ایئرویز کے درمیان کوڈ شیئر معاہدہ ہو تو پی آئی اے اپنے مسافروں کو ابوظبی جانے کے لیے اتحاد ایئرویز کی پرواز پر بٹھا سکتی ہے لیکن ٹکٹ پر پی آئی اے کی پرواز کا نمبر درج ہو گا۔
اس طرح مسافر کو ایک ہی ٹکٹ پر مختلف ایئرلائنز کی سہولت میسر آتی ہے اور ایئرلائنز کو اپنے نیٹ ورک کو وسعت دینے کا موقع ملتا ہے بغیر اس کے کہ وہ خود ہر منزل کے لیے پروازیں چلائیں۔
فریکوئنٹ فلائر پروگرام کیا ہے؟
فریکوئنٹ فلائر پروگرام ایک انعامی نظام ہے جو فضائی کمپنیاں اپنے باقاعدہ مسافروں کو پیش کرتی ہیں۔
جب کوئی مسافر بار بار کسی مخصوص ایئرلائن کے ساتھ سفر کرتا ہے تو وہ ہر سفر کے بدلے میں ’میل‘ یا ’پوائنٹس‘ حاصل کرتا ہے۔
یہ میلز بعد میں مفت ٹکٹ، بزنس کلاس میں اپ گریڈ، اضافی سامان کی اجازت یا ایئرپورٹ لاؤنج کی سہولت جیسے انعامات کے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔
اس پروگرام کا مقصد مسافروں کو ایک ہی ایئرلائن کے ساتھ بار بار سفر کرنے کی ترغیب دینا ہوتا ہے۔
یہ پروگرام مختلف سطحوں پر مشتمل ہوتے ہیں جیسے کہ سلور، گولڈ، یا پلاٹینم، جن میں ہر سطح پر مزید سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔

شیئر: