Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی زرعی پیداوار ایک کروڑ 60 لاکھ ٹن سے تجاوز کر گئی

’متعدد بنیادی غذائی اجناس میں خودکفالت حاصل کر لی گئی ہے‘ ( فوٹو: سبق)
وزارت ماحولیات، پانی و زراعت کے قائم مقام معاون وزیر برائے زراعت ڈاکٹر سلیمان الخطیب نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی مقامی زرعی پیداوار ایک کروڑ 60 لاکھ ٹن سے تجاوز کر گئی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے بتایا ہے کہ ’متعدد بنیادی غذائی اجناس میں خودکفالت حاصل کر لی گئی ہے جن میں کھجوریں، دودھ اور انڈے نمایاں ہیں جب کہ گوشت کے لئے پالی جانے والی مرغیوں میں خودکفالت کی شرح 70 فیصد سے زیادہ اور سبزیوں میں تقریباً 80 فیصد تک پہنچ چکی ہے‘۔
ڈاکٹر الخطیب نے یہ بات سعودی ایگریکلچرل ایکسپو کے 42 ویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے موقع پر کہی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا ہے کہ ’سعودی عرب نے زیادہ تر زرعی مصنوعات کی مقامی پیداوار کو کامیابی سے مستحکم کیا ہے اور سبزیاں مکمل طور پر مقامی سطح پر تیار کی جا رہی ہیں جو مقامی پیداوار کے پروگراموں کا حصہ ہیں‘۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وزارت ان زرعی مصنوعات کی مسلسل سرپرستی کر رہی ہے جن کی اقتصادی قدر زیادہ ہے، جیسے سجاوٹی پودے اور پھول ہیں۔
انہوں نے بتایا ہے کہ ’ریف‘ پروگرام چھوٹے کسانوں کو با اختیار بنانے اور زیادہ منافع بخش زرعی مصنوعات کی پیداوار کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کر رہا ہے‘۔
انہوں نے بتایا ہے کہ ’زرعی جی ڈی پی (نیشنل آؤٹ پٹ) 118 ارب ریال تک پہنچ چکی ہے اور وزارت کا ہدف ہے کہ 2030 تک اسے 140 ارب ریال تک بڑھایا جائے جو جدید ٹیکنالوجی اور پیداوار میں جدت کے نفاذ کے ذریعے ممکن بنایا جائے گا‘۔

شیئر: