انٹرنیشنل گولف چیمپئن شپ کے لیے شراکت داری پر دستخط
’یہ چیمپئن شپ انویسٹمنٹ فنڈ کی سرپرستی میں اور سافٹ بینک کے تعاون سے کی جا رہی ہے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی گولف نے ایس ایچ جی گروپ کے ساتھ اسٹریٹجک سپانسر شپ معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ایس ایچ جی گروپ سرمایہ کاری اور کاروباری قیادت کی معاونت کے میدان میں ممتاز ادارہ ہے جس کے تحت ایس ایچ جی 2025 کی سعودی انٹرنیشنل گولف چیمپئن شپ کا باضابطہ شراکت دار بنے گا۔
یہ چیمپئن شپ پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی سرپرستی میں اور سافٹ بینک انویسٹمنٹ ایڈوائزری کے تعاون سے منعقد کی جا رہی ہے جو ایشین ٹور کے شیڈول میں شامل نمایاں ترین ٹورنامنٹس میں سے ایک ہے۔
یہ شراکت گولف سعودی کے وژن کی عکاسی کرتی ہے، جس کا مقصد مملکت کو عالمی سطح پر گولف کے مرکز کے طور پر مستحکم کرنا اور اسے ایک پائیدار اسپورٹس و اقتصادی پلیٹ فارم میں تبدیل کرنا ہے، جو سعودی وژن 2030 کے اہداف سے ہم آہنگ ہے۔
معاہدے کے مطابق ایس ایچ جی گروپ کو متعدد تجارتی و تشہیری حقوق حاصل ہوں گے جن میں ٹورنامنٹ کے تمام پلیٹ فارمز پر اس کے برانڈ کی نمایاں موجودگی اور شائقین کے ساتھ براہِ راست رابطے کے مواقع شامل ہیں جو ٹورنامنٹ کے دوران منعقد ہونے والی جدید سرگرمیوں اور تقریبات کے ذریعے فراہم کئے جائیں گے۔