الیمامہ آثار قدیمہ سروے کے تحت 337 قدیم مقامات کی نشاندہی
منگل 21 اکتوبر 2025 15:28
’تاریخی ورثے کے مقامات بھی ملے جن کا تسلسل مختلف ادوار تک پھیلا ہوا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
ثقافتی ورثہ کمیشن نے اليمامہ آثارِ قدیمہ کے سروے منصوبے کے تحت آثارِ قدیمہ کے کاموں کا پہلا مرحلہ مکمل کر لیا ہے جس کے دوران 337 نئے تاریخی مقامات دریافت کئے گئے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق نئی دریافتوں میں پتھریلے اوزار بنانے کے کارخانے، آبی نظامات جیسے کنویں اور بند، مختلف حجم اور اشکال کے دائرہ نما پتھریلے ڈھانچے، ابتدائی اسلامی ادوار سے تعلق رکھنے والی بستیاں اور پتھریلی گول یا ڈھیر نما قبریں شامل ہیں۔
اس کے علاوہ کچھ تاریخی ورثے کے مقامات بھی ملے جن کا تسلسل مختلف ادوار تک پھیلا ہوا ہے۔
یہ سب اس بات کی علامت ہے کہ یہ علاقہ معماری اور تہذیبی تنوع کا گہوارہ رہا ہے۔
یہ منصوبہ ثقافتی ورثہ کمیشن کی جامع حکمتِ عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد ریاض کے علاقے کا نیا آثارِ قدیمہ کا نقشہ مرتب کرنا ہے تاکہ تاریخی مقامات کی مزید گہری تحقیق اور اُن مقامات کا مطالعہ کیا جا سکے جو پہلے دریافت نہیں ہوئے تھے۔
اس مقصد کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجیز جیسے زمینی رادار، فضائی سروے اور اعلیٰ حساس آلات استعمال کئے جا رہے ہیں جو آثارِ قدیمہ کے نتائج کا زیادہ دقیق اور عمیق تجزیہ ممکن بناتے ہیں۔