کنگ سلمان ریزو تین سو مہاجر سفید ہنسوں کا مسکن بن گیا
منگل 21 اکتوبر 2025 11:17
’کنگ سلمان ریزرو ہجرتی راستوں میں سے ایک ہے جہاں ہجرت کرنے والے پرندے مسکن بناتے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
موسم خزاں میں پرندوں کی ہجرت کے موقع پر کنگ سلمان ریزرو کی فیلڈ ٹیموں نے 300 سے زیادہ سفید ہنسوں کی موجودگی ریکارڈ کی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق کنگ سلمان ریزرو ان 5 بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ مقامات میں سے ایک ہے جنہیں پرندوں اور حیاتیاتی تنوع کے لئے اہم علاقوں کے طور پر درج کیا گیا ہے۔
یہ محفوظ علاقہ دنیا کے اہم ترین ہجرتی راستوں میں سے ایک پر واقع ہے اور ہجرت کرنے والے پرندوں کے لئے ایک اہم آرام گاہ اور خوراک کا ذریعہ ہے جہاں وہ ایشیا، یورپ اور افریقہ کے درمیان اپنے سفر کے دوران قیام کرتے ہیں۔
سفید ہنس دنیا کے بڑے پرندوں میں سے ایک ہے جو اڑان بھرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
اس کے پروں کا پھیلاؤ 226 سے 360 سینٹی میٹر تک ہوتا ہے اور اسے دنیا کا چوتھا بھاری ترین پرندہ شمار کیا جاتا ہے۔
یہ ریزرو اہم ماحولیاتی مقام کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے جو ہر سال لاکھوں پرندوں کا مسکن رہتا ہے۔
ان میں ہجرت کرنے والے پرندے 88 فیصد جبکہ مقامی پرندے 12 فیصد ہیں۔
ماحولیاتی مشاہداتی ٹیمیں ان منفرد قدرتی مساکن کے تحفظ اور پائیداری کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل پروگراموں پر عمل کر رہی ہیں جو سعودی عرب کی حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کی کوششوں کو مزید تقویت دیتے ہیں۔