مکہ سے طائف جانے والی شرائع پل جمعہ سے بند
’یہ اقدام سڑک کی مکمل مرمت اور بحالی کے کام کے سلسلے میں کیا جا رہا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
مکہ مکرمہ محکمہ ٹریفک نے کہا ہے کہ طائف کی سمت جانے والے الشرائع پل کو ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ ٹریفک نے کہا ہے کہ ’ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے متبادل راستہ فراہم کیا جائے گا‘۔
محکمے نے بتایا ہے کہ ’پل کے نیچے واقع چوراہا بھی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند رہے گا‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’یہ بندش جمعہ، 24 اکتوبر 2025 سے نافذ ہوگی‘۔
محکمے ٹریفک نے وضاحت کی ہے کہ ’یہ اقدام سڑک کی مکمل مرمت اور بحالی کے کام کے سلسلے میں کیا جا رہا ہے تاکہ راہداری کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے اور سڑک کی آپریشنل کارکردگی کو بہتر کیا جا سکے‘۔
’یہ منصوبہ مکہ مکرمہ میں ٹریفک کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کی جاری کوششوں کا حصہ ہے‘۔
محکمہ ٹریفک نے سڑک استعمال کرنے والوں سے اپیل کی ہے کہ وہ متبادل راستوں کا استعمال کریں، ٹریفک ہدایات پر عمل کریں اور گراؤنڈ میں موجود ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں۔