انڈین ریاست آندھرا پردیش کے ضلع کرنول میں جمعے کی علی الصبح بس پیش آنے والے حادثے میں 20 مسافر جھلس کر ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ 12 کو معمولی زخم آئے ہیں۔
اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق حادثہ جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب 3 بج کر 30 منٹ پر پیش آیا جب بس تقریباً 44 مسافروں کو لے کر حیدر آباد سے بینگلورو جا رہی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ضلع کرنول میں چناٹیکور گاؤں کے قریب نیشنل ہائی وے 44 پر حادثہ اس وقت پیش آیا جب بس موٹر سائیکل کے ساتھ ٹکرا گئی۔
مزید پڑھیں
-
’روشنی کا اندھیرے پر غلبہ‘، انڈیا میں دیوالی کا جشنNode ID: 896129
مقامی انتظامیہ کے مطابق 41 مسافروں میں سے 21 کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا ہے، جبکہ ہلاک ہونے والے 20 افراد میں سے 11 کی شناخت کی جا چکی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ موٹر سائیکل بس کے نیچے پھنس گیا اور فیول ٹینک کے ساتھ ٹکرا گیا جس سے دھماکہ ہوا اور پوری بس کو آگ کے شعلوں نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
حادثے کے وقت بس میں موجود اکثر مسافر گہری نیند سو رہے تھے جبکہ اچانک آگ بھڑکنے سے چند کی آنکھ کھل گئی اور جان بچانے کے لیے انہوں نے کھڑکی سے باہر چھلانگ لگانے کی کوشش کی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ چند ہی منٹوں میں آگ کے شعلوں نے پوری بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ بس سے چیخوں کی آوازیں آ رہی تھیں، مقامی افراد موقع پر پہنچے اور مسافروں کو ریسکیو کرنے کی کوشش کی۔
چار فائر انجنز کی مدد سے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی گئی تاہم شعلے اس قدر اونچے تھے کہ بس جل کر راکھ ہو گئی۔
ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو کرنول گورنمنٹ ہسپتال منتقل کر دیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بس ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا تھا تاہم اس کی تلاش جاری ہے اور مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس نے حادثے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ شہبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ ڈرائیور کی غفلت اور فیول کی لیکج کے باعث حادثہ پیش آیا۔











