Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جان پر کھیل کر جلتی گاڑی کو رہائشی علاقے سے دور کرنے والے مشعل الحربی کے لیے اعزاز

گورنر قصیم شہزادہ ڈاکٹر فیصل بن مشعل بن سعود نے سعودی شہری مشعل الحربی کو بہادری کے اعتراف میں اعزاز سے نوازا ہے۔
مشعل الحربی نے اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر شعلوں میں لپٹی گاڑی کو قریبی مکانات اور دیگر گاڑیوں سے دور لے گیا تھا۔
گورنر قصیم شہزادہ فیصل بن مشعل کو جب سعودی شہری کی بہادری کے قصے کا علم ہوا تو انہیں گورنریٹ میں دعوت دی اور مثالی بہادری پر اعزاز سے نوازا۔
یہ واقعہ 16 اکتوبر کو صبح تین بجے پیش آیا تھا، جس گاڑی کو آگ لگی اس کے قریب دیگر گاڑیاں اور گھر موجود تھے۔
مشعل الحربی نے بتایا کہ ’میں اپنے کمرے میں سویا ہوا تھا، کوئی تین بجے کا وقت ہوگا جب باہر گاڑی کے الارم کا شور سنائی دیا جس پر بھاگ کر باہر گیا۔ ساتھ والے مکان کے باہر کھڑی گاڑی سے شعلے بلند ہو رہے تھے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’گاڑی سے بلند ہوتے شعلے کھڑی گاڑی اور مکان تک پہنچ جاتے۔ اس سے قبل کہ بڑا سانحہ ہوتا، میں نے فورا اپنی گاڑی سٹارٹ کی اور بغیر سوچے سمجھے جلتی گاڑی کو اپنی گاڑی سے دھکیل کر مکان اور دیگر گاڑیوں سے دور کر دیا۔‘
اخبار 24 کے مطابق قصیم ریجن کے علاقے القوارہ میں رات کے آخری پہر گاڑی کو آگ لگانے کے الزام میں ایک شخص کو پولیس نے حراست میں لیا ہے۔
جس کا کہنا تھا کہ گاڑی کے مالک سے اس کا تنازع تھا جس پر گاڑی کو نذرآتش کر دیا۔
ملزم نے جس جگہ گاڑی کو آگ لگائی تھی اس کے ساتھ ہی مشعل الحربی کا مکان تھا۔

شیئر: