’ سعودی عرب کا تیل پر انحصار 90 فیصد سے کم ہو کر 68 فیصد رہ گیا‘
ہفتہ 25 اکتوبر 2025 20:00
کوسوو کی صدر نے برلن گلوبل ڈائیلاگ کے دوران سعودی وزیر سے ملاقات کی (فوٹو: ایس پی اے)
جمہوریہ کوسوو کی صدر وجوسا عثمانی نے برلن گلوبل ڈائیلاگ 2025 کے موقع پر سعودی وزیر اقتصاد اور منصوبہ بندی فیصل علی الابراہیم سے ملاقات کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں اقصادی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور انہیں فروغ دینے کے طریقے تلاش کیے۔
باہمی تعاون کے شعبوں کے علاوہ مشترکہ دلچسپی کے امور پر بھی بات کی گئی۔
علاوہ ازیں سعودی وزیر اقتصاد نے کہا ہے کہ ’مملکت کا تیل پر انحصار 90 فیصد سے کم ہو کر 68 فیصد رہ گیا، نان آئل سیکٹر کی کاروباری سرگرمیاں اب حقیقی جی ڈی پی کا 56 فیصد ہیں، جو تیل اور حکومتی سرگرمیوں سے زیادہ ہے۔‘
برلن گلوبل ڈائیلاگ 2025 میں سعودی وزیر اقتصادیات نے بین الاقوامی تعلقات کے حوالے سے وضاحت کی کہ ’امریکہ، سعودی عرب کا سب سے پرانا تجارتی پارٹنر ہے جبکہ اب چین سب سے بڑا تجارتی پارٹنر بن گیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ’ سعودی عرب متوازن سٹریٹجک شراکت داری کو برقرار رکھتے ہوئے اقتصادی فیصلے کر رہا ہے۔‘
’سعودی عرب مارکیٹ کے استحکام کو یقینی بنانے اورعالمی طلب کو پورا کرنے کےلیے تیل کی پیداوار میں رضاکارانہ کٹوتی میں سے کچھ کو واپس لینے کےلیے بھی کام کر رہا ہے۔‘
