ریاض میں بین الاقوامی شرکت سے فورینزک سائنس سمٹ کا انعقاد ہوگا
اتوار 26 اکتوبر 2025 10:06
’مرکز طبی عدالت کے زیرِ اہتمام عالمی کانفرنس 27 سے 29 اکتوبر تک منعقد ہوگی‘ ( فوٹو: سبق)
ریاض میں عالمی کانفرنس (GFEX 2025) برائے علومِ طبی عدالت ’فورینزک سائنس‘ کے آغاز کی تیاریاں جاری ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ کانفرنس وزیرِ صحت فہد بن عبدالرحمن الجلاجل کی سرپرستی میں اور مرکز طبی عدالت کے زیرِ اہتمام 27 سے 29 اکتوبر تک منعقد ہوگی۔
یہ سمٹ منفرد علمی ایونٹ ہے جو مشرقِ وسطیٰ میں اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام ہے۔
اس میں سعودی کانفرنس برائے طبی عدالت (SCFMS 2025) اور چھٹا بین الاقوامی کانفرنس برائے علم السموم اور فارمیسی (KSAPT 2025) کو یکجا کیا گیا ہے تاکہ طبّ عدالت، فرانزک ثبوتی علوم اور صحتِ عامہ کے شعبوں میں تحقیقی و عملی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ علمی پلیٹ فارم تشکیل دیا جا سکے۔
بین الاقوامی کانفرنس میں کئی اہم موضوعات پر بحث ہوگی جن میں سرفہرست نئی ابھرتی ہوئی منشیات ہیں جو صحت اور عدالتی اداروں کے لیے بڑھتا ہوا چیلنج بن رہی ہیں۔
کانفرنس میں ان منشیات کی تشخیص کے لیے جدید ترین لیبارٹری تجزیاتی تکنیکوں پر گفتگو کی جائے گی اور مختلف ممالک کی تجربات اور لیبارٹریوں کی استعداد کار بڑھانے کے طریقوں کا جائزہ پیش کیا جائے گا۔
دوسری جانب سعودی کانفرنس برائے علومِ طبی عدالت مختلف شعبوں کے مشترکہ پیشہ ورانہ عمل کو فروغ دینے پر توجہ دے گی، جس میں قومی اور بین الاقوامی ماہرین اور محققین شریک ہوں گے۔
کانفرنس میں اہم موضوعات پر گفتگو ہو گی، جیسے طبّ عدالت میں جدیدیت، عدالتی انصاف اور ثبوتی تجزیہ اور فوجداری تحقیقات میں مصنوعی ذہانت کا استعمال۔
اس مقصد کے لیے 9 ورکشاپس منعقد کی جائیں گی، جن میں متعدد سرکاری اداروں کا تعاون شامل ہے۔