Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پشاور: سی ٹی ڈی تھانے میں بارودی مواد پھٹنے سے دھماکہ، ایک اہلکار جان سے گیا

پشاور میں محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کے تھانے میں رکھا بارودی مواد پھٹنے سے ایک اہلکار جان سے گیا جبکہ دو زخمی ہوئے ہیں۔
سی سی پی او پشاور میاں سعید نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اتوار کی صبح کو سی ٹی ڈی تھانے کے بارودی مواد کے کمرے میں شارٹ سرکٹ کے باعث دھماکے ہوئے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق مواد پھٹنے کے نتیجے میں آگ دیگر گولا بارود تک پھیل گئی جس سے مزید دھماکے ہوئے اور عمارت کا ایک حصہ بھی منہدم ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس واقعے میں ایک سی ٹی ڈی اہلکار ہلاک جبکہ دو زخمی ہوئے ہیں۔
تھانے کے لاک اپ سے تمام ملزمان کو باحفاظت نکال لیا گیا جبکہ پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔
سی سی پو او کا کہنا ہے کہ بم ڈسپوزل سکواڈ، ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور اپنی کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شارٹ سرکٹ کے باعث ہی واقعہ پیش آیا ہے اور فی الحال دہشت گردی کے شواہد نہیں ملے، تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی سے پانچ روز کے اندر تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

 

شیئر: