العلا میں ’قدیم ممالک‘ کا میلہ، حاضر میں ماضی کی جھلک
’میلہ نئے ایڈیشن کے ساتھ 20 نومبر سے 6 دسمبر 2025 تک منعقد ہو رہا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
العلا میں ’قدیم ممالک‘ میلہ نمایاں ترین ثقافتی اور تاریخی سرگرمیوں میں سے ایک ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق میلہ نئے ایڈیشن کے ساتھ 20 نومبر سے 6 دسمبر 2025 تک منعقد ہو رہا ہے جس میں وزٹروں کو ہزاروں سال پر محیط انسانی تاریخ کے غیر معمولی سفر پر لے جایا جائے گا۔
’زمان و مکان کا سفر‘ کے عنوان کے تحت العلا زندہ عجائب گھر کی صورت اختیار کر لیتا ہے۔

یہاں ورثے کی سرگرمیاں، ثقافتی مظاہر اور فنونِ لطیفہ کی تخلیقات یکجا ہو کر قدیم تہذیبوں کی داستانوں کو نئی روح عطا کرتی ہیں اور دن کے مشاہداتی تجربات سے لے کر رات کے دلکش ماحول تک، مکمل اور ہمہ جہت ایونٹس پیش کرتی ہیں۔
میلہ ماضی کی خوشبو کو اس طرح تازہ کرتا ہے کہ قدیم تجارتی راستوں کی حکایات کو دوبارہ زندہ کرتا ہے، وہی راستے جنہوں نے العلا کو تہذیبوں کے ملاپ کا مرکز بنایا اور قدیم دنیا کو ایک دوسرے سے جوڑنے کا ذریعہ بنا۔

وزٹروں کو کثیرالجہتی تجربہ حاصل ہوگا جہاں قدیم بازاروں کی مہک اور روایتی پکوانوں کے ذائقے ایک دوسرے میں گھل مل کر حواس کو جگائیں گے اور حال کو ماضی کی جڑی ہوئی جڑوں سے وابستہ کریں گے۔
یہ میلہ اپنی روح میں العلا کے لوگوں، کہانی بیان کرنے والوں، دستکاروں اور مؤرخوں پر قائم ہے جو اپنی آواز، اپنے ہنر اور اپنی روایات کے ذریعے اس سرزمین کی اصل شناخت کو دنیا کے سامنے پیش کرتے ہیں اور سب کو اس منفرد مقام کو دوبارہ دریافت کرنے کی دعوت دیتے ہیں۔

علاوہ ازیں 20 سے 29 نومبر کے دوران العلا کا آسمان ڈرون شو سے منور ہوگا جہاں تاریخی مقامات شاندار نوری تخلیقات اور فضائی ڈیزائنوں سے مزین ہوں گے جو الحِجر کی قدیم داستانوں کو ایک دلکش بصری منظر میں دوبارہ زندہ کریں گے۔