Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلوچستان: کچھی میں نامعلوم افراد کا سرکاری عمارتوں اور تھانوں پر حملہ، ایس ایچ او ہلاک

بلوچستان کے ضلع کچھی میں نامعلوم مسلح افراد نے سرکاری عمارتوں اور تھانوں پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں ایک پولیس افسر جان سے گیا، جبکہ جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور بھی مارا گیا۔
 مسلح افراد نے متعدد سرکاری عمارتوں کو نقصان پہنچایا۔
پولیس حکام کے مطابق، صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے تقریباً 230 کلومیٹر دور ضلع کے علاقے بھاگ ناڑی میں پیر کی شام درجنوں مسلح افراد داخل ہوئے اور بیک وقت نیشنل بینک، تحصیل آفس، پولیس اور لیویز تھانوں پر حملہ کر دیا۔

 

ایس ایس پی کچھی معاذ الرحمان نے اردو نیوز کو بتایا کہ مسلح افراد نے بینک لوٹنے اور تھانوں کو جلانے کی کوشش کی، تاہم پولیس اہلکاروں نے بروقت جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں ایک حملہ آور ہلاک ہو گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ’فائرنگ کا تبادلہ کئی منٹ تک جاری رہا، جس میں ایس ایچ او انسپکٹر لطف علی کھوسہ شہید، جبکہ ایک کانسٹیبل زخمی ہو گیا۔‘
ایس ایس پی کے مطابق ’دہشت گردوں کی جانب سے سرکاری بینک کو لوٹنے کی کوشش بھی کی گئی، جسے پولیس اہلکاروں نے ناکام بنا دیا۔‘
عینی شاہدین کے مطابق، درجنوں مسلح افراد موٹر سائیکلوں اور ایک گاڑی پر سوار ہو کر آئے تھے اور انہوں نے پولیس و لیویز تھانوں، اسلحہ خانے، وائرلیس سیٹوں کے علاوہ تحصیل آفس پر بھی حملہ کیا اور اسے نقصان پہنچایا۔
تاہم ایس ایس پی نے اس بات کی تردید کی اور کہا کہ اہلکاروں نے بہادری سے اس حملے کو ناکام بنایا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی قریبی علاقوں سے پولیس کی بھاری نفری، سی ٹی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھاگ ناڑی پہنچ گئے اور علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا۔
فورسز کے پہنچنے سے قبل ہی حملہ آور علاقہ چھوڑ کر فرار ہو گئے، جس کے بعد فورسز نے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

شیئر: