Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلوچستان: ضلع قلات میں نامعلوم مسلح افراد نے تعمیراتی کمپنی کے چار مزدوروں کو اغوا کرلیا

بلوچستان کے ضلع قلات میں نامعلوم مسلح افراد نے تعمیراتی کمپنی کے چار مزدوروں کو اغوا کرلیا۔ یہ گذشتہ 48 گھنٹوں کے دوران صوبے میں مزدروں کے اغوا کا دوسرا واقعہ ہے۔
لیویز کنٹرول قلات کے مطابق جمعرات کو قلات سے تقریباً 30 کلومیٹر دور بینچہ پنگو کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے کوئٹہ کراچی شاہراہ کی ناکہ بندی کر رکھی تھی۔ 
’اسی دوران مسلح افراد کے دوسرے گروپ نے کچھ فاصلے پر واقع ایک تعمیراتی کمپنی کے رہائشی کیمپ پر حملہ کیا۔‘
لیویز کے مطابق ’10 سے زائد موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد نے کیمپ سے چار مزدوروں کو اغو اکرلیا جن کا تعلق پاکستان کے زیرانتظام کشمیر اور خیبر پشتونخوا کے ضلع مانسہرہ سے بتایا جارہا ہے۔‘
مذکورہ تعمیراتی کمپنی کوئٹہ کراچی شاہراہ کے توسیعی منصوبے پر کام کرتی ہے۔یاد رہے کہ قلات میں اس سے پہلے بھی تعمیراتی کمپنیوں کے مزدوروں کے اغوا کے واقعات پیش آچکے ہیں۔ 
گذشتہ سال اکتوبر میں قلات کے علاقے منگچر سے متعدد افراد کو اغوا کرلیا گیا تھا جن میں سے کشمیر سے تعلق رکھنے والے ایک مزدور کو بعد ازاں قتل جبکہ باقیوں کو رہا کردیا گیا تھا۔
اس سے قبل منگل اور بدھ کی درمیانی شب ضلع کچھی کے علاقے مچھ میں نامعلوم مسلح افراد نے کوئلہ ڈپو پر کام کرنے والے تین مقامی مزدوروں کو اغوا کرلیا تھا۔
مچھ پولیس کے مطابق ’اغوا کاروں نے جاتے ہوئے ایک پرچی بھی چھوڑی تھی جس پر کالعدم تنظیم کی جانب سے دو کوئلہ کمپنیوں کو کام بند نہ کرنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکی دی گئی تھی۔‘
پولیس کے مطابق ’اغوا کے اس واقعے کی تحقیقات محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے شروع کردی ہیں۔‘
سی ٹی ڈی کے ایک عہدے دار کے مطابق ’اغوا کی اس طرز کی زیادہ تر وارداتیں بھتے اور تاوان کی وصولی کے لیے کی جاتی ہیں۔‘

شیئر: