Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سوڈان کے شہر الفاشر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، سعودی عرب کی مذمت

بیان کے مطابق جدہ اعلامیے میں سوڈانی شہریوں کے تحفظ کا عہد کیا گیا تھا۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب نے مغربی سوڈان کے شہر الفاشر میں ریپڈ سپورٹ فورسز کے حالیہ حملوں کے دوران انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار اور اس کی مذمت کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق وزار خارجہ نے ایک بیان میں ریپڈ سپورٹ فورسز پر شہریوں کے تحفظ، انسانی امداد کی محفوظ فراہمی کو یقینی بنانے اور بین الاقوامی انسانی قانون کی پاسداری کے اپنی ذمہ داری پوری کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
بیان میں کہا گیا کہ’ گیارہ مئی 2023 کو دستخط کیے جانے والے جدہ اعلامیے میں سوڈان کے شہریوں کے تحفظ  کا عہد کیا گیا تھا۔‘
وزارت نے فوری جنگ بندی کے لیے مذاکرات کی طرف واپسی، سوڈان کے اتحاد، سلامتی اور استحکام کی اہمیت  پر بھی زور دیا۔
 سوڈان کے جائز اداروں کے تحفظ اور مملکت کی جانب سے غیرملکی مداخلتوں کو مسترد کرنے کی ضرورت کو بھی اجاگر کیا جو تنازع کو طول دینے کے ساتھ سوڈانی عوام کے مصائب میں اضافے کا باعث ہیں۔
یاد رہے سوڈان کی اندرونی جنگ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں دیکھنے میں آرہی ییں۔
 اقوام متحدہ اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق سوڈان کے مغربی خطے دارفور میں یہ مظالم خاص طور پر شدت سے دیکھے گئے ہیں۔
سوڈان میں ہونے والی اس جنگ کے باعث ایک کروڑ 40 لاکھ سے زائد افراد گھروں سے بے دخل ہونے پر مجبور ہوئے ہوئے ہیں۔

 

شیئر: