Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فائر فائیٹنگ اور ریسکیو ورلڈ چیمپئن شپ کا افتتاح، 22 ممالک کی شرکت

’چیمپئن شپ میں 22 ممالک کے 300 سے زائد مرد و خواتین کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزيز بن سعود بن نايف بن عبدالعزيز کی سرپرستی میں نائب وزیرِ داخلہ شہزادہ ڈاکٹر عبدالعزيز بن محمد بن عیاف نے فائر فائٹنگ اور ریسکیو ورلڈ چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی ہے جو ریاض کے پرنس فیصل بن فہد سپورٹس سٹی میں منعقد ہو رہی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ چیمپئن شپ وزارتِ داخلہ کی نگرانی میں جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس کے زیرِ اہتمام انٹرنیشنل فائر فائٹنگ اینڈ ریسکیو سپورٹس فیڈریشن کے اشتراک سے منظم کی جا رہی ہے اور یہ یکم نومبر 2025ء تک جاری رہے گی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سول ڈیفنس میجر جنرل ڈاکٹر حمود بن سلیمان الفرج نے وزیرِ داخلہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’سعودی عرب کی جانب سے اس عالمی ایونٹ کی میزبانی، بڑے بین الاقوامی پروگراموں کے کامیاب انعقاد میں سعودی عرب کی صلاحیت اور وژن 2030 کے تحت سلامتی اور عوامی تحفظ کے فروغ کے عزم کی عکاس ہے‘۔
جنرل الفرج نے بتایا ہے کہ ’چیمپئن شپ میں جدید ٹیکنالوجی اور آلات استعمال کیے جا رہے ہیں تاکہ مقابلوں میں معیار بلند کیا جا سکے، بین الاقوامی شراکت داری کو مضبوط بنایا جا سکے اور سول ڈیفنس کے شعبے میں مہارتوں کو فروغ دیا جا سکے‘۔
دوسری جانب انٹرنیشنل فیڈریشن آف فائر فائٹنگ اینڈ ریسکیو سپورٹس کے صدر الکساندر چوپريان نے سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ’یہ کھیل دراصل دنیا بھر کے سول ڈیفنس اہلکاروں کے روزمرہ کے کام کا تسلسل ہے جو ٹیم ورک، نظم و ضبط اور اعلیٰ کارکردگی کے جذبے کو فروغ دیتا ہے‘۔
واضح رہے کہ اس عالمی چیمپئن شپ میں 22 ممالک کے 300 سے زائد مرد و خواتین کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جو چار اہم مقابلوں میں حصہ لیں گے:
100 میٹر رکاوٹوں کی دوڑ، 400 میٹر ریلے دوڑ، سیڑھیوں کے ذریعے ٹاور پر چڑھنے کا مقابلہ اور فائر فائٹنگ کا مقابلہ شامل ہے۔

شیئر: