ریاض میں فائر فائٹنگ اینڈ ریسکیو چیمپئن شپ کے مقابلے جاری
جمعرات 30 اکتوبر 2025 13:11
یہ چیمپئن شپ فائر فائٹنگ اور ریسکیو آپریشنز کی حقیقی صورتحال کی عکاسی کرتی ہے ( فوٹو: ایکس)
دار الحکومت ریاض میں جاری ورلڈ فائر فائٹنگ اینڈ ریسکیو چیمپئن شپ کے مقابلے جاری ہیں۔
یہ ایونٹ وزارتِ داخلہ کی زیرِ نگرانی، جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس کے تعاون سے اور انٹرنیشنل فیڈریشن آف فائر فائٹنگ اینڈ ریسکیو سپورٹس کے اشتراک سے ریاض کے پرنس فیصل بن فہد سپورٹس سٹی میں یکم نومبر تک رہیں گے۔

کل بدھ کو صبح کے سیشن میں مردوں کے ایک سو میٹر ہرڈلز (انفرادی) ریس کے ابتدائی راؤنڈز ہوئے ہیں جن کے بعد سیمی فائنل اور فائنل منعقد کیے جائیں گے۔
نتائج کے مطابق پہلی پوزیشن شیفشک وادیم (روس)، نے 14.84 سیکنڈ میں حاصل کی، دوسری پوزیشن بھی روس کے زارودوف آندرے نے 14.89 سیکنڈ میں حاصل کی جبکہ تیسری پوزیشن بیلاروس کے شیریبکا میکیتا نے 20.06 سیکنڈ میں حاصل کی ہے۔

شام کے سیشن میں خواتین کے مقابلے منعقد ہوئے جن میں ابتدائی راؤنڈز کے بعد سیمی فائنل اور فائنل ہوئے۔
خواتین کے نتائج میں پہلی پوزیشن روس کی لودینا آنا نے 15.49 سیکنڈ میں حاصل کی، دوسری پوزیشن بھی روس کی کولومیتووا اوکسانا نے 15.54 سیکنڈ میں حاصل کی جبکہ تیسری ازبکستان کی عبدوفایتووا جائیرونا نے 19.69 سیکنڈ میں حاصل کی ہے۔

عالمی چیمپئن شپ میں 300 سے زائد مرد و خواتین کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جو چار اہم مقابلوں، ہاک ہک سیڑھی چڑھنے کا مقابلہ، ایک میٹر ہرڈلز ریس، 400 میٹر ریلے ریس اور فائر فائٹنگ میں اپنی مہارتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
یہ چیمپئن شپ فائر فائٹنگ اور ریسکیو آپریشنز کی حقیقی صورتحال کی عکاسی کرتی ہے تاکہ سول ڈیفنس اہلکاروں کی جسمانی فٹنس اور آپریشنل تیاری کو بہتر بنایا جا سکے۔

ایک سو میٹر ہرڈلز ریس شہری دفاع کی بنیادی مہارتوں میں شمار ہوتی ہے کیونکہ یہ تیز ردعمل، درستگی اور رکاوٹوں کو اعتماد و مہارت سے عبور کرنے کی صلاحیت کو جانچتی ہے جس میں کھلاڑی مخصوص فاصلہ طے کرتے ہوئے پانی کی نلیاں اور آلات اٹھا کر مقررہ وقت میں انہیں جوڑتے ہیں۔