Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب پاکستانی طلبہ کو مصنوعی ذہانت اور آئی ٹی کی مفت تربیت دے گا: شہباز شریف

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب پاکستانی طلبہ کو مصنوعی ذہانت اور آئی ٹی کی مفت تربیت دے گا۔
جمعرات کو اسلام آباد کے کنونشن سنٹر میں پرائم منسٹر یوتھ لیپ ٹاپ سکیم کے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’لیپ ٹاپ سے بات بہت آگے چلی گئی ہے اور دنیا اب آئی ٹی، جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے فیلڈز میں اپنا لوہا منوا رہی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب میں اے آئی اور آئی ٹی پر اربوں ڈالر خرچ کیے جا رہے ہیں۔ مجھے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف ہم دونوں برادر ممالک ہیں، ہم نے یہاں اربوں ڈالر کا انفراسٹرکچر بنایا ہے۔‘
’میں کہا کہ ہمارے پاس تو تیل نہیں ہے اور وسائل نہیں ہیں اور اتنا خرچ نہیں کر سکتے، تو انہوں نے کہا کہ ہمارا جو سیٹ اپ ہے وہ پاکستان کے بچوں اور بچیوں کے لیے فری ہے۔ آپ انہیں یہاں لائیں، ہم انہیں تربیت دیں گے۔‘
’میری ٹیم ریاض میں ہے اور انہوں نے اپنے سعودی ہم منصبوں کو مل لیا ہوگا۔ یہ ایک نیا راستہ کھلا ہے کیونکہ سعودی عرب اور پاکستان دو عظیم برادر ممالک ہیں۔ وہ کہتے ہیں ہمارا جو کچھ ہے وہ پاکستان کے کروڑوں بھائیوں اور بہنوں کے لیے ہے۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ ’سعودی عرب پاکستان کے لیے ہر چیز کرنے کو تیار ہے۔ میں نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا ایک مرتبہ پھر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان کے لیے جو معاشی پیکج بنایا ہے اس پر پم سب مل کر عمل پیرا ہوں گے تو معیشت ترقی کرے گی۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ ’سعودی عرب کی وژن 2030 کے تحت نمائش ہونے جا رہی ہے۔ پھر 2034 میں فیفا ورلڈ کپ ہونے جا رہا ہے۔ وہاں انہوں نے نہ صرف اربوں ڈالر کی تعمیر کرنی ہے بلکہ انہیں ہزاروں ہنرمند لیبر کی ضرورت ہے۔ میں پوری کوشش کرکے ہنرمند بچوں کو سعودی عرب بھیجوں گا۔‘

شیئر: