Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کسٹم کی کامیاب کاروائی، منشیات سمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام

نشہ آورگولیاں کوئلے کی شپمنٹ میں چھپاکر اسمگل کی جارہی تھیں(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
سعودی محکمہ کسٹمز اینڈ ٹیکس نے بھاری مقدار میں نشہ آورگولیاں مملکت سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ۔ منشیات شاہ عبدالعزیز پورٹ پر آنے والی کوئلوں کی کھیپ میں چھپائی گئی تھی۔
عاجل نیوز نے محکمہ کسٹم اینڈ ٹیکس اتھارٹی کے ترجمان حمود الحربی کے حوالے سے کہا ہے کہ بیرون ملک سے آنے والی کوئلے کی  شپمنٹ کا جب کسٹم اہلکاروں نے جائزہ لیا تو معلوم ہوا کہ کوئلے میں نشہ آور گولیاں ’کیپٹاگون‘ کو چھپایا گیا ہے۔
الحربی نے مزید بتایا کہ نشہ آورگولیوں کی موجودگی کا انکشاف ہونے پر کسٹم ٹیموں نے شپمنٹ کا تفصیلی معائنہ کیا جس پر کنٹینر میں موجود کوئلے کی دیگر بوریوں میں بھی نشہ آور گولیاں برآمد ہوئی۔
کسٹم ترجمان کے مطابق برآمد ہونے والی نشہ آور گولیوں کی مجموعی تعداد 53 لاکھ 88 ہزار 998 تھی جسے ضبط کرکے کیس محکمہ انسداد منشیات کےحوالے کردیا گیا۔
اینٹی نارکوٹیکس کنٹرول کی ٹیموں نے شپمنٹ وصولی کے لیے آنے والے تین افراد کو حراست میں لے لیا جن سے تحقیقات جاری ہیں۔

 

 

شیئر: