Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مدینہ منورہ اور ریاض یونیسکو کی تخلیقی شہروں کی فہرست میں شامل

مدینہ منورہ کو پکوان جبکہ ریاض کو ڈیزائننگ میں اعلی ترین شہر قرار دیا گیا(فوٹو، ایکس)
 اقوام متحدہ کی تعلیمی ، سائنسی اور ثقافتی تنظیم ’یونیسکو‘ نے مدینہ منورہ اور ریاض کو تخلیقی شہروں کے نیٹ ورک میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق مدینہ منورہ کو پکوان کے حوالے سے سعودی عرب کا دوسرا بڑا تخلیقی شہر قرار دیا گیا۔
مدینہ منورہ میں سالانہ بنیاد پر لاکھوں زائرین کی آمد ورفت رہتی ہے علاوہ ازیں یہ شہر اپنے روایتی پکوانوں کے حوالے سے بھی ثقافت سے جڑا ہوا ہے۔
ریجن زرخیز آتش فشانی مٹی اور مختلف تہذیبوں کے اثرات کی بدولت مشہور ہے جس کے نتیجے میں ذائقوں اور پکوان کی روایات میں بے پناہ تنوع ہے۔
مدینہ منورہ میں پکوانوں کے حوالے سے ایک مرکزی مارکیٹ ’سوق الطباخہ‘ (شیف مارکیٹ) کے نام سے قائم  ہے جہاں روایتی ثقافت کا خاص خیال رکھتے ہوئے مقامی پکوانوں کو تیار کیا جاتا ہے۔

یونیسکو کی فہرست میں شامل مملکت کے شہروں کی تعداد 5 ہوگئی(فوٹو، ایس پی اے) 

مذکورہ فہرست میں 100 ممالک کے 350 شہروں کو شامل ہیں جن میں سعودی عرب کے تین شہر الاحسا کو دستکاری ، بریدہ کو پکوان اور طائف کو ادب کے شعبے میں تخلیقی شہر کا درجہ دیا گیا جبکہ اب مدینہ منورہ کو بھی پکوانوں کے حوالے سے تخلیقی شہر کی فہرست میں شامل کیا گیا۔
دریں اثنا اخبار 24 کے مطابق یونیسکو کی فہرست میں سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کو ’ڈیزائننگ ‘ کے میدان میں تخلیقی شہر کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

مدینہ منورہ میں روایتی پکوانوں کی مارکیٹ’ سوق الطباخہ‘ بھی قائم ہے(فوٹو، ایس پی اے)

خیال رہے یونیسکو کی تخلیقی شہروں کی فہرست میں سعودی عرب کے تین شہر الاحساء، طائف اور بریدہ  پہلے ہی شامل ہیں ۔
مدینہ منورہ اور ریاض کا اضافہ ہونے کے بعد مملکت کے شہروں کی تعداد 5 ہو گئی جنہیں مختلف حوالوں سے تخلیقی شہر قرار دیا گیا ہے۔

 

 

شیئر: