ریاض: عالمی صحت کانفرنس کا اختتام ، 133 ارب ریال کے معاہدے
ریاض: عالمی صحت کانفرنس کا اختتام ، 133 ارب ریال کے معاہدے
جمعہ 31 اکتوبر 2025 19:12
گزشتہ برس کے مقابلے میں شرکاء کی تعداد 54 فیصد زائد رہی (فوٹو، ایس پی اے)
ریاض کے انٹرنیشنل کنونشن اینڈ ایکزیبیشن سینٹر میں ہونے والی عالمی صحت کانفرنس 2025 کے اختتامی سیشن میں 133 ارب ریال سے زائد مالیت کے سرمایہ کاری اور تعاون کے معاہدوں پردستخط کیے گئے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے رواں برس ہونے والی کانفرنس کا عنوان ’ صحت میں سرمایہ کاری کریں‘ تھا۔ وزارت صحت کی زیرسرپرستی ہونے والی عالمی کانفرنس میں سعودی سائبر سیکیورٹی فیڈریشن اور پروگرامنگ اینڈ ڈرونز ، انویسٹمنٹ ایونٹس فند اور انفورما انٹرنیشنل کمپنی کے اشتراک سے منعقد کیا گیا تھا۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر صحت برائے منصوبہ بندی و ترقی انجینئرعبدالعزیز بن حمد الرمیح نے کہا ’عالمی صحت کانفرنس عالمی سطح پر غیرمعمولی طور پر کامیاب رہی ، فورم میں ممتاز مقررین ، عالمی سربراہانِ صحت کی موجودگی نے ثابت کیا کہ سعودی عرب مقدار اور معیار کو یکجا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔‘
نائب وزیر کا مزید کہنا تھا کہ رواں برس ہونے والی کانفرنس میں گزشتہ برس کے مقابلے میں ہونے والے معاہدے 6 گنا زیادہ ہوئے جن میں اہم ترین معاہدے ہسپتالوں اورمملکت کے صحت مراکز کے انفراسٹکرچر کی ترقی و بہتری کے لیے 31 ارب ریال مالیت کے معاہدے جبکہ 2.3 ارب ریال کے معاہدے سائنسز کے شعبے میں کیے گئے۔
کانفرنس میں صحت کے شعبے سے تعلق رکھنے والے مختلف ممالک سے 600 سے زائد ماہرین جبکہ 2200 کے قریب اداروں نے شرکت کی ۔ ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد زائرین آئے یہ تعداد گزشتہ برس کے مقابلے میں 54 فیصد زیادہ ہے۔
کانفرنس میں طلبا کی ٹیموں کے درمیان مقابلے بھی ہوئے(فوٹو، ایس پی اے)
صحت کانفرنس میں وزارت صحت اور روش کے تعاون سے ایک مقابلے کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں 117 طلبا پر مشتمل مختلف ٹیموں نے شرکت کی جنہوں نے نفسیاتی صحت ، متوازن غذا ، جسمانی تندرستی اور صحت مند نیند پر مطالعاتی حل اور ریسرچ پیش کی مقابلے میں ’ویٹریک ‘ ٹیم کو پہلی پوزیشن حاصل ہوئی۔