Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حماس غزہ میں جنگ بندی پر عمل کے لیے پُرعزم ہے: ترک صدر

صدر اردغان نے کہا کہ ہمیں غزہ کے عوام تک مزید انسانی امداد پہنچانے کی ضرورت ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے پیر کے روز کہا کہ حماس غزہ میں جاری جنگ بندی معاہدے پر عمل کرنے کے لیے پُرعزم ہے، اور یہ کہ فلسطینی علاقے کی تعمیرِ نو میں مسلم ممالک کا قائدانہ کردار ادا کرنا انتہائی ضروری ہے۔
استنبول میں منعقدہ اسلامی تعاون تنظیم  کے رکن ممالک کے اقتصادی تعاون کے سالانہ اجلاس  سے خطاب کرتے ہوئے صدر اردوغان کا کہنا تھا کہ ’ایسا لگتا ہے کہ حماس اس معاہدے پر عمل درآمد کے لیے کافی حد تک پُرعزم ہے۔‘
ان کے یہ ریمارکس ایسے وقت میں سامنے آئے جب ترکی سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات، اردن، پاکستان اور انڈونیشیا کے وزرائے خارجہ کی آج میزبانی کر رہا ہے۔ یہ ملاقات غزہ کی تعمیرِ نو سے متعلق ہوگی، کیونکہ 10 اکتوبر کی نازک جنگ بندی کے مستقبل کے بارے میں خدشات بڑھ رہے ہیں۔
یہ مذاکرات استنبول کے ایک ہوٹل ہوں گے جس کے چند گھنٹے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس بھی متوقع ہے۔
اردغان نے کہا کہ ’اس موقع پر ہمیں غزہ کے عوام تک مزید انسانی امداد پہنچانے کی ضرورت ہے، اور اس کے بعد تعمیرِ نو کے کام کا آغاز کرنا چاہیے۔‘
انہوں نے اسرائیل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’اسرائیلی حکومت اپنی پوری کوشش کر رہی ہے کہ ان اقدامات کو روکا جا سکے۔‘
ترک صدر نے مزید کہا کہ ’ہم سمجھتے ہیں کہ عرب لیگ اور اسلامی تعاون تنظیم کی جانب سے تیار کردہ تعمیرِ نو کا منصوبہ فوری طور پر نافذ کیا جانا چاہیے۔‘
یہ منصوبہ رواں سال مارچ میں پیش کیا گیا تھا، جس کا مقصد غزہ کے تباہ حال علاقوں کی بحالی ہے۔

شیئر: