Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

2030 تک گیس کی پیداوار میں 80 فیصد اضافے کی توقع

’آرامکو عالمی منڈی کی تبدیلیوں سے ہم آہنگ رہنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی آرامکو کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر امین بن حسن الناصر نے کہا ہے 2030 تک قابلِ فروخت گیس کی پیداوار میں تقریباً 80 فیصد اضافہ کی توقع ہے۔
 
انہوں نے کہا ہے کہ ’اس میں سے ایک بڑا حصہ غیر روایتی گیس کے جافورہ منصوبے کی توسیع سے حاصل ہوگا جس نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی خاص توجہ حاصل کی ہے‘۔
 
سبق ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ ’2025 کی تیسری سہ ماہی میں کمپنی کی کارکردگی نے ایک بار پھر یہ ثابت کیا ہے کہ آرامکو عالمی منڈی کی تبدیلیوں سے ہم آہنگ رہنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے‘۔
انہوں نے واضح کیا ہے کہ کمپنی نے معمولی اضافی لاگت کے ساتھ پیداوار میں اضافہ کیا جبکہ تیل، گیس اور ان سے متعلق مصنوعات کی فراہمی میں تسلسل اور اعتماد برقرار رکھا جس کے نتیجے میں مالی کارکردگی مضبوط رہی اور سہ ماہی منافع میں نمایاں نمو حاصل ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ کمپنی تیل و گیس کی تلاش اور پیداوار کے شعبے میں اپنی صلاحیتوں کو مزید مستحکم کر رہی ہے اور اس سلسلے میں کئی بڑے منصوبے مکمل ہو چکے ہیں یا تکمیل کے قریب ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’آرامکو کی حکمتِ عملی کا محور قدر میں اضافہ اور عالمی سطح پر توانائی کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنا ہے‘۔
’کمپنی اپنے مختلف کاروباری شعبوں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دے رہی ہے اور جدید ٹیکنالوجی و مصنوعی ذہانت سے فائدہ اٹھا کر نئے تجارتی مواقع پیدا کر رہی ہے‘۔

شیئر: