’سعودی عرب کی معیشت آگے بڑھ رہی ہے‘ ولی عہد کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس
سعودی ولی عہد نے عالمی رہنماوں کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں سے آگاہ کیا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے کابینہ کو فیوچر انویسٹنمٹ کانفرنس میں شرکت کے لیے آنے والے برادر اور دوست ممالک کے رہنماوں کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔
کابینہ نے کہا کہ سعودی عرب کی حیثیت ایک اہم عالمی اقتصادی منزل کے طور پر مستحکم ہورہی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی کابینہ کا اجلاس منگل کو ریاض کے قصر الیمامہ میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت ہوا ہے۔ اجلاس میں مقامی اور عالمی امور پرغور کیا گیا۔
کانفرنس میں مختلف ممالک کے سربراہان اور اعلی شخصیات کی شرکت کو سراہتے ہوئے اراکین کابینہ نے اسے مختلف میدانوں میں مملکت کامیابی قرار دیا اور کہا کہ مملکت کی حیثیت ایک عالمی اقتصادی منزل کے طور پر مستحکم ہوئی ہے۔
کابینہ نے اس بات کو بھی سراہا کہ سعودی عرب کی معیشت عالمی تبدیلیوں کے ساتھ بھرپور انداز میں آگے بڑھ رہی ہے۔ مملکت کے وژن کے اہداف کو مدنظر رکھتے ہوئے نان آئل سیکٹرز میں ترقی کی گئی خصوصا صنعت، سیاحت، ٹیکنالوجی کے میدانوں میں پیش رفت نمایاں ہے۔
اجلاس نے انٹرنیشنل آرگنائزیشن آف سپریم آڈٹ انٹسی ٹیوشنز کی تین برس کےلیے صدارت ملنے پر اسے عالمی سطح پر مملکت کی مثالی کامیابی قرار دیا۔
العلا کو سال 2025 میں عالمی سطح پر تین سیاحتی ایوارڈ ملنے اور علاقائی سیاحت کے مرکز اور بھر پور ثقافتی ورثے کے طور پر اس کی بڑھتی ہوئی اہمیت کی تعریف کی۔
کابینہ نے اپنے ایجنڈے میں شامل مختلف امور پرغور کیا جن میں مجلس شوری کی جانب سے پیش کی جانے والی سفارشات، اقتصادی و ترقیاتی امور کونسل اور سیاسی و سلامتی امور کی کونسل کی تجاویز شامل تھیں۔
وزرا کونسل نے مختلف ملکوں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کرنے کی بھی منظوری دی۔ علاوہ ازیں متعدد اعلی عہدیداروں کی ترقی و تعیناتی کے احکامات بھی صادر کیے گئے۔
