Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پان مسالہ کا اشتہار گمراہ کن ہے‘، بالی وڈ سٹار سلمان خان کوعدالت کا نوٹس جاری

سلمان خان کے خلاف راجستھان ہائی کورٹ کے وکیل اندرموہن سنگھ ہنی نے شکایت درج کرائی ہے (فوٹو: انڈین ایکسپریس)
انڈیا کی عدالت نے سلمان خان کو نوٹس جاری کیا ہے جس میں ان سے ان اشتہارات کے بارے میں وضاحت طلب کی گئی ہے جنہیں ’گمراہ کن‘ قرار دیا گیا ہے۔
انڈین میڈیا کے مطابق یہ شکایت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینیئر رہنما اور راجستھان ہائی کورٹ کے وکیل اندرموہن سنگھ ہنی نے درج کرائی ہے۔
شکایت میں کہا گیا ہے کہ راجشری پان مصالحہ بنانے والی کمپنی اور اس کے برانڈ ایمبیسیڈر سلمان خان نے اشتہارات میں یہ دعویٰ کیا ہے کہ ان کا پراڈکٹ ’زعفران سے لبریز الائچی‘ اور ’زعفران سے لبریز پان مصالحہ‘ پر مشتمل ہے۔
شکایت کنندہ نے کہا کہ یہ دعویٰ حقیقت پر مبنی نہیں ہو سکتا کیونکہ زعفران کی قیمت تقریباً چار لاکھ انڈین روپے فی کلوگرام ہے، جبکہ یہ پراڈکٹ صرف پانچ روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
شکایت میں مزید کہا گیا ہے کہ اس قسم کے دعوے نوجوانوں کو پان مصالحہ استعمال کرنے کی ترغیب دیتے ہیں، جو منہ کے کینسر کی ایک بڑی وجہ ہے۔
اندرا موہن سنگھ ہنی نے اے این آئی سے گفتگو میں کہا کہ ’سلمان خان بہت سے لوگوں کے لیے رول ماڈل ہیں۔ ہم نے کوٹا صارف عدالت میں شکایت درج کرائی ہے اور سماعت کے لیے نوٹس جاری ہو چکے ہیں۔ دوسرے ممالک میں فلمی ستارے سافٹ ڈرنکس تک کی تشہیر نہیں کرتے، لیکن یہاں تمباکو اور پان مصالحہ کی تشہیر کی جا رہی ہے۔ میں ان سے اپیل کرتا ہوں کہ نوجوانوں کو غلط پیغام نہ دیں۔‘
عدالت نے سلمان خان اور کمپنی سے باضابطہ جواب طلب کیا ہے۔ سماعت کی اگلی تاریخ 27 نومبر مقرر کی گئی ہے۔

شیئر: