مسجد نبوی ریاض الجنہ کے زائرین کی یومیہ تعداد بڑھ کر 54 ہزار ہوگئی
جمعرات 6 نومبر 2025 20:07
عازمین کی بہتر خدمت کےلیے ’نسک‘ پورٹل کی سروسز کو بہتربنایا گیا ہے۔ (فوٹو: الاخباریہ)
سعودی وزیرحج وعمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ’ وزارت نے حج وعمرہ کے شعبے میں خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کےلیے مصنوعی ذہانت کے استعمال کے دوسرے مرحلے پرکام شروع کردیا ہے۔‘
’ دنیا بھر سے آنے والے زائرین و عازمین کی بہتر خدمات کےلیے نسکپورٹل کی سروسز کو بہتر بنایا گیا ہے۔‘
انہوں نے بتایا’ نسک ایپ سے داخلے کے طریقہ کار کو منظم کرنے سے تین برسوں کے دوران مسجد نبوی میں ریاض الجنہ کی زیارت کےلیے پرمٹ کی یومیہ تعداد 7 ہزار سے بڑھ کر 54 ہزار ہو گئی۔‘
اخبار 24 کے مطابق وزیر حج ڈاکٹر الربیعہ نے ریاض میں ’ڈیجیٹل گورنمٹ کانفرنس‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’عالمی سطح پر سرکاری اور نجی شعبے میں ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی کے حوالے سے مملکت کا شمار بہترین ممالک میں ہوتا ہے۔‘
’وزارت نے حج وعمرہ کے حوالے سے فراہم کی جانے والی خدمات کو بہتر کیا ہے جس سے زائرین کو سہولت میسرآرہی ہے۔‘
وزیر ٹرانسپورٹ و لاجسٹک سروسز صالح الجاسر نے کہا’ ڈیجیٹل تبدیلی ترقی اور ایجاد کے لیے ایک بنیادی ضرورت ہے، وزارت کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات کو مزید بہتر بنانے کےلیے جدید ٹیکنالوجیز کا بھرپور استعمال کیا جارہا ہے۔‘
انہوں نے ڈرائیور کے بغیر چلنے والی گاڑی کے تجربے کا ذکر کرتے ہوئے کہا ’ یہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی بہترین مثال ہے، اب تک ایک ہزار افراد اس سروس سے استفادہ کرچکے ہیں۔‘
وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر الخریف کا کہنا تھا’ مملکت میں کان کنی کے شعبے میں بھی جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جارہا ہے جس سے کان کنی کے میدان میں سہولت ہی نہیں ہوئی بلکہ ماحولیاتی تحفظ کو بھی یقینی بنانے میں مدد ملی ہے۔‘
