سعودی عرب میں موسمیات کا قومی مرکز حج کے لیے سیفٹی پلان پیش کرے گا
سعودی عرب میں موسمیات کا قومی مرکز حج کے لیے سیفٹی پلان پیش کرے گا
پیر 27 اکتوبر 2025 19:53
بدلتے ہوئے موسمی حالات میں زائرین کی سیفٹی کو یقینی بنایا جا سکے گا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں موسمیات کا قومی مرکز پانچویں حج کانفرنس اور نمائش میں اپنی خدمات اور آپریشنز کی تفصیلات اور تیاری کے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کرے گا تاکہ شدید اور تبدیل ہوتے ہوئے موسمی حالات میں زائرین کی سیفٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ کانفرنس جو حج اور عمرہ کی وزارت اور ’پلگِرم ایکسپیریئنس پروگرام‘ کی باہمی شراکت کا نتیجہ ہے، جدہ میں 9 سے 12 نومبر کے درمیان منعقد ہوگی جس کا موضوع ’مکہ سے دنیا تک‘ ہوگا۔
موسمیاتی پیشگوئی کا قومی مرکز، آئندہ برس حج کے زمانے میں پیش آ سکنے والے موسمی امکانات کے مختلف مفروضے، کانفرنس کے شرکا کے سامنے رکھے گا۔
اس کانفرس میں موسم کے موضوع پر کی گئیں سٹڈیز کے استعمال پر ایک پینل ڈسکشن بھی ہو گی۔ اس کا مقصد مقاماتِ مقدسہ اور ان کے آس پاس نہ صرف ماحول کو بہتر بنانا ہے بلکہ زائرین کو دی جانے والی خدمات کی کارکردگی میں بھی اضافہ کرنا ہے۔
نمائش اور کانفرنس کے اس مشترکہ سیشن کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں 80 سے زیادہ سیشنز کا اہتمام کیا جائے گا جو 60 ورکشاپس پر مبنی ہوں گے۔
شرکا میں اعلٰی تعلیمی درس گاہوں سے وابستہ اساتذہ، تحقیق کرنے والے، امورِ حج سے منسلک سرکاری اہلکار اور سفارتی مشنز کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔
موسم کے موضوع پر سٹڈیز کے استعمال پر پینل ڈسکشن بھی ہو گی (فوٹو: ایس پی اے)
اس کے علاوہ کانفرس میں دنیا بھر سے 2400 تربیت حاصل کرنے والے افراد بھی ایونٹ میں شرکت کریں گے۔
دنیا کے 137 ممالک سے نمائش کے لیے اشیا پیش کرنے والے اور نمائش میں چیزیں رکھنے والے 260 افراد، حج اور عمرہ کے ماحولی نظام سے تعلق رکھنے والی جدید ترین ٹیکنالوجیوں اور خدمات کو کانفرنس کے شرکا کے سامنے رکھیں گے۔
امید ہے اس سال کی حج و عمرہ کانفرنس اعلٰی اثر رکھنے والے منصوبوں کا آغاز کرے گی اور سرکاری حکام ایسے نئے معاہدوں پر دستخط کریں گے جس سے ٹیکنالوجی، شہری ترقی اور زائرین کو دی جانے والی خدمات کو یکجا کرنے میں مدد ملے گی۔