27ویں ترمیم کا مسودہ پارلیمانی کمیٹی سے منظور، ’وفاق کی مضبوطی کے لیے سب نے مل کر کوشش کی‘
27ویں ترمیم کا مسودہ پارلیمانی کمیٹی سے منظور، ’وفاق کی مضبوطی کے لیے سب نے مل کر کوشش کی‘
اتوار 9 نومبر 2025 20:23
پاکستانی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے ارکان پر مشتمل قانون و انصاف کی کمیٹی نے 27ویں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دے دی ہے۔
اتوار کی رات مشترکہ پارلیمانی کمیٹی سے آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے حکومتی اور اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔
اس موقع پر انہوں نے حکومتی اور اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز کا خیر مقدم اور 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے عمل میں ان کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’وفاق کی مضبوطی، ملک کے وسیع مفاد، صوبوں کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے اور گورننس کو بہتر کرنے کے لیے ہم سب نے مل کر کوشش کی۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کے اور تمام اتحادی جماعتوں کے سربراہوں کے مشکور ہیں۔ ’تمام اتحادی جماعتوں نے اس قومی سوچ کا بھرپور ساتھ دیا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اس حکومت کے دوران حاصل کیے گئے تمام سنگ میل حکومت اور اتحادی جماعتوں کے باہمی تعاون کا نتیجہ ہیں۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ ’پاکستان کی سفارتی کامیابیاں اور دنیا میں نام، تمام اتحادی جماعتوں کے مابین ہم آہنگی اور باہمی اتحاد کی وجہ سے ہے۔ ہم سب کی مشترکہ کوششوں کی بدولت پاکستان کو شاندار مقام حاصل ہوا ہے۔ ملکی معاشی صورتحال میں بتدریج بہتری ہو رہی ہے۔‘
ترمیم کے لیے ساتھ دینے پر وزیراعظم نے اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا۔ فوٹو: وزیراعظم آفس
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’اللہ کے فضل و کرم سے ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کی بدولت ملک کی سمت درست ہوئی. ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہے۔‘
قبل ازیں مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین فاروق ایچ نائیک نے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ مسودہ منظور کر لیا گیا ہے۔
فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ سینیٹ میں پیش کیے گئے بِل کے مسودے میں پارلیمانی کمیٹی میں مشاورت کے بعد کچھ ترامیم کی گئی ہیں۔