Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

درعیہ میں ’سیزنل مارکیٹ‘ جہاں سعودی اور جاپانی ثقافت کے رنگ بکھرے ہیں

سیزنل بازار کو ایسی شناخت دی گئی ہے جو دونوں ثقافتوں کا امتزاج ہے (فوٹو: ایس پی اے)
 ریاض میں درعیہ سیزن پروگرام 25/26 کے تحت ’سیزنل مارکیٹ‘ کا آغاز الطوالع کے تاریخی علاقے میں ’قدیم بازاروں کے روایتی شور‘ میں کیا گیا جہاں خریداروں اور دکانداروں کی آوازیں قدیم مارکیٹوں کے تصور کو اجاگر کرتی ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق اس سال سیزنل مارکیٹ کا ایڈیشن ایک خاص اہمیت کا حامل ہے جسے جاپان کی ثقافت ’کیوٹو‘ کو سعودی عرب اور جاپان کے مابین سفارتی تعلقات کے 70 برس مکمل ہونے پر متعارف کیا گیا ہے۔
سیزنل بازار کو ایسی شناخت دی گئی ہے جو دونوں ثقافتوں کا امتزاج ہے۔ مارکیٹ میں جمالیاتی عناصرکو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف ثقافتوں کی عکاسی کی گئی ہے۔ وزیٹرز سعودی و جاپانی ورثے کے حوالے سے ایک منفرد تجربے کا مشاہدہ کرتے ہیں۔
یہ ایک ایسا تجربہ ہے جہاں آپ سعودی اور جاپانی ثقافت کے پکوان چکھتے ہیں، موسیقی اور لائیو پرفارمنس سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
پروگرام کا آغاز روزانہ سہ پہر چار بجے کیا جاتا ہے۔ سیزنل مارکیٹ میں 20 تجارتی دکانیں، 15 ریستوران کے علاوہ دستکاری کے سٹالز اور سعودی راویتی پکوانوں کا کارنر بھی ہے۔

’الطوالع‘ کا علاقہ زمانہ قدیم سے متنوع زرعی اجناس اور قدرتی دولت کی وجہ سے معروف تھا جو وادی حنیفہ کے اطراف میں واقع قدیم فارموں سے گھرا ہوا ہے۔
یہ علاقہ جزیرہ نماعرب میں عہد قدیم سے ہی اہم مارکیٹ کے طور پر جانا جاتا تھا۔ اس علاقے یا مارکیٹ میں مختلف مقامات سے تجارتی قافلے آیا کرتے جو نہ صرف مالِ تجارت بلکہ ثقافتوں کا بھی تبادلہ کرتے تھے۔

واضح رہے سیزنل مارکیٹ پروگرام کا مقصد درعیہ کی قدیم ثقافت و تاریخ کو اجاگرکرتے ہوئے ثقافتی تبادلے کو عالمی طورپر متعارف کرانا ہے۔
درعیہ سیزن سعودی ریاست کی ثقافتی سرگرمیوں کے لیے ایک مستقل پلیٹ فارم کے طور پر اہمیت کا حامل ہے جس کے ذریعے اہل نجد کی ثقافت و اقدار کو نمایاں کیا جاتا ہے۔

 

شیئر: