ریاض میں ’گلوبل ہارمنی ٹو‘ میں بنگلہ دیشی ویک کا آغاز
بنگلہ دیش ویک ریاض کے السویدی پارک میں منایا جا رہا ہے۔ (فوٹو ایس پی اے)
وزارت اطلاعات کے زیر اہتمام ’عالمی ہم آہنگی ٹو‘ اقدام کے تحت بنگلہ دیشی ویک کا آغاز ہو گیا ہے جو ریاض کے السویدی پارک میں منایا جا رہا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق عالمی ہم آہنگی کے عنوان سے شروع کیا جانے والے ثقافتی پروگرام کے تحت گزشتہ ہفتہ انڈیا کی ثقافت کا تھا جس میں وہاں کی ثقافت اور دستکاری کو اجاگر کیا گیا تھا۔

رواں ہفتہ بنگلہ دیش کی ثقافت کے حوالے سے شروع کیا گیا ہے جو 14 نومبر تک جاری رہے گا۔ پروگرام کے پہلے روز ریجن میں مقیم بنگلہ دیشی کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
بنگلہ دیشی پکوان اور سرکس اور ثقافتی شوز کے علاوہ بنگلہ دیشی پکوانوں کے سٹالز بھی لگائے گئے ہیں جہاں بڑی تعداد میں لوگ لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

رواں ہفتے میں بنگلہ دیش کے مختلف ثقافتی شوز میں 10 فنکار شرکت کر رہے ہیں جبکہ 12 لوک ورثے کے گروپس بھی خاص طور پر علاقائی ثقافت کو اجاگر کریں گے۔
