اسلام آباد میں خودکش دھماکے کے بعد سری لنکن کرکٹ ٹیم کی جانب سے دورہ جاری رکھنے کے فیصلے پر سینیٹ میں اظہار تشکر کی قرارداد منظور کی گئی ہے۔
جمعرات کو سینیٹ میں قراردادر پیش کرتے ہوئے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ رکنے کا فیصلہ کر کے سری لنکن ٹیم نے کمال بہادری کا مظاہرہ کیا۔
انھوں نے کہا کہ ’ماضی میں بھی بہت بڑا حادثہ ہوا تھا اور انٹرنیشنل کرکٹ پاکستان سے چلی گئی تھی۔ سری لنکا نے دوبارہ یہ سلسلہ بحال کیا۔ اب جب ان کی موجودگی میں ہوا تو بہت زیادہ چہ مگوئیاں ہو گئیں کہ سکیورٹی خدشات کی وجہ سے وہ جانا چاہتے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’حکومت پاکستان، وزارت خارجہ اور کرکٹ بورڈ نے ان سے رابطہ کیا تو سری لنکا کی حکومت نے کمال بہادری کا فیصلہ کیا اور کہا کہ ہم خود دہشت گردی کا شکار رہے ہیں اور ہم دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘
مزید پڑھیں
سری لنکا نے بہادری کے ساتھ یہاں رکنے کا فیصلہ کیا، محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سینیٹ میں سری لنکن کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان جاری رکھنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جب سری لنکا کی ٹیم نے یہ فصیلہ کیا کہ وہ واپس جا رہی ہے تو ان کے ساتھ بات چیت شروع کی تو ان کے پلیئرز اور بورڈ نے بڑی بہادری کے ساتھ یہاں رکنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے سری لنکن ٹیم کے خدشات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ ان کے کافی زیادہ خدشات تھے جن کو دور کرنے کی پوری کوشش کی۔
’سری لنکا کے صدر نے خود ٹیم کے ساتھ بات کی اور ان کو قائل کرنے کی کوشش کی۔ ہمارے فیلڈ مارشل نے خود سری لنکا کے وزیر دفاع سے بات کی اور ان کو سکیورٹی کی پوری ضمانت دی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اب پاکستان آرمی، رینجرز اور پولیس سکیورٹی سنبھالے ہوئے ہیں اور جیسا کہ وہ ہمارے سٹیٹ گیسٹ ہیں تو اسی طرح کی پوری سکیورٹی دے رہے ہیں۔‘
پاکستان سری لنکا میچوں کی تاریخیں تبدیل، پوری سہ ملکی سیریز راولپنڈی میں ہو گی
اسلام آباد میں خودکش دھماکے کے بعد بدھ کی رات گئے کوششوں کے بعد سری لنکن کرکٹ ٹیم نے اپنا دورہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ میچوں اور سہ ملکی سیریز کے شیڈول میں تبدیلیاں کی ہیں۔

پاکستان میں ہونے والی تین ملکی کرکٹ سیریز 18 نومبر سے شروع ہو گی جس کے تمام میچ اب صرف راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے جبکہ پاکستان سری لنکا کے شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے۔
جمعرات کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ سہ ملکی سیریز کے لاہور میں شیڈول میچ بھی اب راولپنڈی میں ہوں گے۔
اس سے قبل پاکستان کا سری لنکا کا میچ 22 اور زمبابوے کے ساتھ میچ 23 نومبر کو قذافی سٹیڈیم میں شیڈول تھا، تاہم اب یہ میچ بھی راولپنڈی میں ہوں گے۔
اسی طرح 25 اور 27 نومبر کو لاہور میں شیڈول سری لنکا اور زمبابوے کے میچ کے علاقہ 29 نومبر کو ہونے والا فائنل بھی راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
اسی طرح پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری سیریز کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ دوسرا ون ڈے جو کہ 13 نومبر کو راولپنڈی میں ہونا تھا اب وہ 14 نومبر یو ہو گا۔
اس میچ کے لیے خریدی گئی ٹکٹس 14 نومبر کو میچ دیکھنے کے لیے کارآمد ہوں گی۔
اسی طرح تیسرے ون ڈے جو کہ 15 نومبر کو شیڈول تھا، کو 16 نومبر پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

15 نومبر کے لیے خریدی گئی ٹکٹس بھی 16 نومبر کو استعمال کی جا سکیں گی۔
علاوہ ازیں سہ ملکی سیریز میں پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کی ٹیمز حصہ لے رہی ہیں۔ پہلا میچ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان 18 نومبر کو ہو گا، تمام میچوں کا آغاز شام چھ بجے ہو گا اور ہر ٹیم چار چار میچ کھیلے گی۔
اسلام آباد میں کچہری کے باہر خودکش دھماکے کے بعد فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے رپورٹ کیا تھا کہ سری لنکن ٹیم کے آٹھ کھلاڑی سکیورٹی وجوہات کی بنا پر واپس جانا چاہتے ہیں اور انہوں نے واقعے کے بعد اپنی سکیورٹی سے متعلق خدشات کا اظہار کیا تھا۔
واضح رہے کہ مارچ 2009 میں قذافی سٹیڈیم لاہور کے قریب سری لنکا کی ٹیم کے چھ کھلاڑی اس وقت زخمی ہو گئے تھے جب دہشت گردوں نے ان کی بس پر فائرنگ کی تھی۔
بدھ کو سری لنکن ٹیم نے سکیورٹی خدشات دور کیے جانے کے بعد اپنا دورہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔
سری لنکن کرکٹ بورڈ (ایس ایل سی) نے بدھ کی شب اپنے بیان میں بتایا تھا کہ ’اگر کوئی بھی کھلاڑی یا دورہ کرنے والا رکن سری لنکا واپس جانے کا فیصلہ کرتا ہے تو سری لنکا کرکٹ فوری طور پر متبادل بھیجے گی۔‘












