Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی گرین انیشیٹیو:  وادی’ قنا ‘ میں 7سو پودے لگائے گئے

قومی مرکز کی جانب سے لوگوں کو سبزے کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا(فوٹو، سبق نیوز)
سعودی گرین انیشیٹو کے تحت مملکت کے مختلف ریجنز اور شہروں میں پودے اگانے کی مہم جاری ہے۔ عسیر ریجن کی وادی ’قنا‘ میں جمعرات کو بیری کے 700 پودے اگائے گئے۔
سبق نیوز کے مطابق نیشنل سینٹر فارویجیٹیشن کور ڈیولپمنٹ اینڈ کامبیٹنگ ڈیزرٹیشفیکشن نے وزارت ماحولیات وزراعت و دیگر مقامی اداروں اور کمیونٹی کے تعاون سے ’شجرکاری‘ مہم میں حصہ لیا۔
مملکت کے ویژن 2030 کے اہداف کو مدنظر رکھتے ہوئے قومی مرکز کی جانب سے کمیونٹی میں ماحول کے تحفظ کےلیے سبزے کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف پروگرامز منعقد کیے جن میں ماحول کو بہتر بنانے کے لیے سبزہ اگانے کی ترغیب دی گئی۔

شجرکاری مہم میں بچوں نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا (فوٹو،ایکس )

مرکز کی جانب سے شجر کاری سیزن 2025 کے تحت مہم شروع کی گئی جس کا عنوان ’ہاتھ پودے لگاتے ہیں اور زمین پھلتی ہے‘ رکھا گیا تھا۔ مہم کے ذریعے لوگوں کو سبزے کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا ۔
مہم میں شریک قومی مرکز کے اہلکاروں نے شجرکاری سیزن کے بارے میں بھی لوگوں کو آگاہ کیا۔ مختلف علاقوں کی آب وہوا کے مطابق کون سے پودے لگائے جائیں کے بارے میں بھی تفصیلی معلومات مہیا کی گئیں۔
شجر کاری مہم میں علاقے کے لوگوں خاص کر بچوں نے بھی بڑھ چڑھ کرحصہ لیا اور اپنے ہاتھوں سے پودے لگانے کے بعد انہیں پانی بھی دیا۔

شیئر: