ہفتۂ دستکاری میں بین الاقوامی ہنرمندوں کے کام کی نمائش، چین مہمانِ خصوصی
وزیر ثقافت پرنس بدر بن عبداللہ بن فرحان کی سرپرستی میں سعودی بین الاقوامی ہفتۂ دستکاری (بنان) کا تیسرا ایڈیشن جمعرات کو ریاض میں شروع ہو گیا ہے۔
یہ ایونٹ ہیریٹج کمیشن کی جانب سے شہزادی نورہ بنت عبدالرحمن یونیورسٹی میں منعقد کی گئی جس میں 40 سے زیادہ ممالک کے 400 سے زائد مرد و خواتین ہنر مندوں نے حصہ لیا۔ رواں برس کے ایڈیشن کے لیے چین مہمانِ خصوصی ہے۔
دستکاری کے سال 2025 کے موقع پر منعقد ہونے والا یہ ایونٹ سعودی ثقافت کی پہچان کے ایک لازمی جزو کے طور پر دستکاری کو اجاگر کرنے اور اسے تخلیقی منظرنامے میں مضبوط بنانے کی جامع کوششوں کا حصہ ہے جو سعودی ورثے کی گہرائی، تنوع اور خوبصورتی کو ظاہر کرتا ہے۔
اس ایونٹ کا مقصد دنیا بھر کے ہنر مندوں کو سامنے لانا، انہیں اقتصادی اور ثقافتی طور پر مدد اور تقویت دینا، اور بین الاقوامی ثقافتی تبادلے کو فروغ دینا ہے۔ اس ایونٹ کا مقصد ہنر اور روایتی فنون کے شعبوں میں مہارت اور تجربات کے تبادلے کو بھی بڑھانا ہے۔
مہمانِ خصوصی کے طور پر چین ایک خصوصی پویلین کے ساتھ ہفتۂ دستکاری میں حصہ لے رہا ہے جس میں اس کے ورثے کو دکھایا جا رہا ہے اور ایسے فن پارے پیش کیے جا رہے ہیں جو اصل اور تخلیقی صلاحیت کا امتزاج ہیں۔
چینی شرکت سعودی عرب اور چین کے گہرے ثقافتی تعلقات کی عکاسی کرتی ہے اور دونوں ممالک کے جامع سٹریٹیجک شراکت داری کے تحت ثقافتی اور فنون لطیفہ کے تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔