سیاحوں کے لیے سفر اب مزید آسان، سعودی عرب میں ’ویزا بائے پروفائل‘ کے منصوبے کا آغاز
سعودی عرب نے ایک منصوبہ ’ویزا بائے پروفائل‘ شروع کیا ہے جس کے تحت اہل ویزا کارڈ ہولڈرز چند منٹوں میں فوراً الیکٹرونک سیاحتی ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔
جمعرات کو سعودی وزیر سیاحت احمد الخطيب نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ’ٹوئرائز25‘ میں ہم فخر کے ساتھ ’ویزا بائے پروفائل‘ متعارف کروا رہے ہیں۔ دنیا کا پہلا منصوبہ جو اہل ویزا کارڈ ہولڈرز کو صرف اپنے کارڈ اور پاسپورٹ کی تفصیلات استعمال کرتے ہوئے چند منٹوں میں فوراً الیکٹرانک سیاحتی ویزا حاصل کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔‘
یہ منصوبہ وزارتِ داخلہ، عالمی مالیاتی خدمات کی کمپنی ویزا، سعودی ٹوئرازم اتھارٹی، اور وزارتِ خارجہ کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے اور یہ مملکت کی ٹیکنالوجی پر مبنی، آسان سفری تجربات کی وابستگی کو ظاہر کرتا ہے۔
وزیر نے مزید کہا کہ ’یہی طریقہ ہے جس سے ہم سیاحت کا مستقبل تعمیر کرتے ہیں، آسان، بغیر رکاوٹ، اور عالمی طور پر مربوط۔‘
سعودی عرب نے 2024 میں بین الاقوامی سیاحوں کی آمد کے اعتبار سے G20 ممالک میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور داخلی سیاحوں سے حاصل ہونے والی آمدنی میں عالمی سطح پر سب سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا۔
2023 میں 100 ملین سیاحوں کا ہدف چھ سال پہلے ہی پورا کرنے کے بعد، سعودی عرب نے 2030 تک سالانہ 150 ملین سیاحوں کو خوش آمدید کہنے کا نیا ہدف رکھا ہے جس میں 70 ملین بین الاقوامی اور 80 ملین ملکی سیاح شامل ہیں۔
ٹوئرائز 2025 سمٹ وزارتِ سیاحت کے زیر اہتمام اور ولی عہد محمد بن سلمان کی سرپرستی میں 11 سے 13 نومبر تک منعقد ہوا۔ اس سمٹ کا مقصد عالمی سیاحت کے مستقبل کی تشکیل کرنا تھا، جس میں جدت، پائیداری، اور تعاون کو فروغ دیا گیا۔
ٹوئرائز کا اگلا ایڈیشن مارچ 2027 میں منعقد ہوگا۔