آن لائن شاپنگ کی جنگ، ایمیزون اور گوگل کیسے اے آئی ٹولز کے ذریعے صارفین کو متوجہ کر رہے ہیں؟
آن لائن شاپنگ کی جنگ، ایمیزون اور گوگل کیسے اے آئی ٹولز کے ذریعے صارفین کو متوجہ کر رہے ہیں؟
ہفتہ 15 نومبر 2025 18:59
ستمبر سے امریکہ میں صارفین چیٹ جی پی ٹی پر براہ راست ایٹسی کی مصنوعات خرید سکتے ہیں۔ (فائل فوٹو: سی این این)
آن لائن خریداری کی دنیا میں اب محض ایک کلک سے تقریباً ہر چیز حاصل کی جا سکتی ہے، اور اب ٹیکنالوجی کے بڑے ادارے اس جانب بڑھ رہے ہیں کہ ایک دن آپ کی طرف سے یہ کام بھی ایک اے آئی معاون انجام دے سکے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق گوگل، ایمیزون اور اوپن اے آئی اپنے پلیٹ فارمز میں نئے اے آئی سے چلنے والے شاپنگ ٹولز شامل کرنے کی دوڑ میں مصروف ہیں، جن کا مقصد آن لائن صارفین کی بنیادی سرگرمی یعنی خریداری میں مرکزی کردار حاصل کرنا ہے۔
ای مارکیٹر میں مارکیٹنگ، ریٹیل اور ٹیک بریفنگ کے سینیئر ڈائریکٹر جیریمی گولڈمین کے مطابق ’اگر آپ اس عمل کا بنیادی حصہ بن جائیں، تو آپ اسے مختلف طریقوں سے آمدن میں تبدیل کر سکتے ہیں۔‘
ان کمپنیوں کی کامیابی یا ناکامی نئے ویب دور کے فاتحین اور ناکاموں کا تعین بھی کر سکتی ہے۔
آن لائن خریداری کا بڑھتا رجحان
گولڈمین کے مطابق خریداری ان چند بڑے کاموں میں سے ہے جو لوگ آن لائن کرتے ہیں۔ اور جیسے جیسے صارفین اے آئی کے ذریعے خریداری کرنے لگے ہیں، ایمیزون اور گوگل جیسے روایتی ادارے اوپن اے آئی اور پرپلیکسیٹی جیسے نئے حریفوں کے مقابل دفاع میں لگے ہوئے ہیں۔
ستمبر سے امریکہ میں صارفین چیٹ جی پی ٹی پر براہ راست ایٹسی کی مصنوعات خرید سکتے ہیں، جس سے وہ زیادہ دیر تک چیٹ بوٹ میں ہی رہتے ہیں۔ اکتوبر میں اوپن اے آئی اور وال مارٹ نے بھی اسی طرح کی شراکت کا اعلان کیا۔ اس دوران پرپلیکسیٹی کے کومٹ براؤزر نے صارفین کو ایمیزون پر خریداری جیسے کام اے آئی ایجنٹس کے ذریعے کرانے کی سہولت دی، تاہم ایمیزون نے اس سٹارٹ اپ کو ’سیز اینڈ ڈسسٹ‘ نوٹس بھیجا ہے۔
سیلز فورس کے خصوصی طور پر سی این این کو دیے گئے اعداد و شمار کے مطابق تھینکس گیونگ سے پہلے والے منگل سے لے کر سائبر منڈے تک، عالمی آن لائن خریداری میں اے آئی اور آن لائن ایجنٹس کا کردار 73 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے، جو تمام آرڈرز کا 22 فیصد ہو گا۔
جیریمی گولڈمین کے مطابق خریداری ان چند بڑے کاموں میں سے ہے جو لوگ آن لائن کرتے ہیں۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
یہ اعداد و شمار مختلف آن لائن سرگرمیوں پر مشتمل ہیں جن میں چیٹ جی پی ٹی پر کی گئی ایک درخواست سے لے کر کسی ریٹیلر کی ویب سائٹ پر اے آئی کی جانب سے دی گئی تجویز تک، یا کسٹمر سروس ایجنٹ کی جانب سے صارف کو اضافی خریداری پر آمادہ کرنا شامل ہیں۔
سیلز فورس کا کہنا ہے کہ سنہ 2025 کی پہلی ششماہی میں اے آئی اسسٹنٹس کی ٹریفک میں گذشتہ برس کے مقابلے میں 119 فیصد اضافہ ہوا۔
گوگل کے نئے شاپنگ فیچرز
اسی رجحان کے تناظر میں گوگل نے جمعرات کو اے آئی سے چلنے والے نئی شاپنگ فیچرز کا اعلان کیا۔
مثال کے طور پر صارف چند سوالات کے ذریعے اپنی مطلوبہ چیز کی نشاندہی کرے گا، جس کے بعد گوگل کا اے آئی ایجنٹ مقامی سٹورز پر کال کر کے معلوم کرے گا کہ آیا وہ پروڈکٹ موجود ہے یا نہیں، اور ساتھ ہی قیمت اور پروموشنز کی معلومات بھی فراہم کرے گا۔
گوگل اپنے جیمنی چیٹ بوٹ ایپ میں بھی خریداری کی سہولت شامل کر رہا ہے اور ایک نیا ٹول بھی متعارف کروا رہا ہے جو صارف کی اجازت سے قیمت کم ہونے پر خود بخود آرڈر بھی دے سکے گا۔ کمپنی کے مطابق روزانہ ایک ارب سے زیادہ شاپنگ سے متعلق سوالات اس کے پلیٹ فارمز پر کیے جاتے ہیں۔
ایمیزون کے سی ای او اینڈی جیسی کے مطابق روفس کے استعمال میں سالانہ بنیادوں پر 210 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ (فوٹو: اباؤٹ ایمیزون)
ایمیزون بھی گذشتہ چند برسوں سے اپنی شاپنگ ایپ میں اے آئی فیچرز شامل کر رہا ہے، جن میں مصنوعات سے متعلق سوالات کے جوابات دینے والا اے آئی معاون روفَس اور مصنوعی ذہانت پر مبنی تجاویز شامل ہیں۔
ایمیزون کے سی ای او اینڈی جیسی کے مطابق روفس کے استعمال میں سالانہ بنیادوں پر 210 فیصد اضافہ ہوا ہے، اور جو صارفین اس چیٹ بوٹ کا استعمال کرتے ہیں، ان کے خریداری مکمل کرنے کے امکانات 60 فیصد زیادہ ہیں۔