’بہتر معیار زندگی منصوبہ‘ مکہ میں واکنگ ٹریکس اور سپورٹس مقامات
اتوار 16 نومبر 2025 23:23
میونسپلٹی نے واکنگ ٹریکس کے اطراف میں سبزہ بھی لگایا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
مکہ مکرمہ میونسپلٹی کی جانب سے شہرِ مقدس میں مختلف مقامات پر شہریوں کے معیار زندگی کو بہتربنانے کے منصوبے کے تحت واکنگ ٹریکس اور سپورٹس مقامات تعمیر کیے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق بہترمعیار زندگی منصوبہ مملکت کے وژن 2030 کے اہداف میں شامل ہے جس کا مقصد لوگوں کو ایسے معیاری مقامات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے، جہاں وہ کچھ وقت ورزش کریں تاکہ صحت مندانہ طرز زندگی کی عادات کو اپنایا جاسکے۔

میونسپلٹی نے شہرِ مقدس کے مختلف مقامات پر واکنگ ٹریکس کی سہولت فراہم کی ہے جن میں ’النسیم ٹریک‘، الشوقیہ ، بطحاء قریش، الشرائع واکنگ ٹریک شامل ہیں۔
بنائے گئے ٹریکس کے فرش کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ وہاں چلنے سے تھکن کا زیادہ احساس نہیں ہوتا اور دورانِ خون بھی بہترہوتا ہے۔

واکنگ ٹریکس کے فرش کو لچکدار خصوصی اینٹوں سے تیار کیا گیا ہے، ٹریکس کے اطراف میں شمسی توانائی کے ذریعے لائٹنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے جبکہ سکیورٹی کےلیے سی سی کیمرے نصب ہیں۔
واکنگ ٹریکس کے اطراف میں سبزہ لگایا گیا ہے تاکہ ماحول کو خوشگوار رکھا جائے۔ آنے والوں کی سہولت کے لیے جگہ جگہ بینچز لگائی گئی ہیں۔
