سعودی خاتون جو زیتون کے تیل سے کاسمیٹک تیار کرر ہی ہیں
الجوف زیتون فیسٹیول 2025 میں گورنر ایوارڈ بھی حاصل کرچکی ہیں ( فوٹو سکرین گریب)
سعودی عرب کے شمال میں الجوف کا علاقہ ’زیتون‘ کی کاشت کے لیے مشہور ہے۔ یہاں کاشت کیے جانے والے زیتون سے حاصل ہونے والا تیل اعلی معیار کا ہوتا ہے۔
سعودی خاتون ھیام العنزی جو زیتون کے تیل سے مختلف مصنوعات تیار کرتی ہیں نے بتایا’ ابتدا میں صرف زیتون کے تیل کے مختلف طریقوں سے بالوں کی دیکھ بھال کے نسخے تیار کیے مگر وہ اب زیتون کے تیل سے جلد کی شگفتگی کے لیے تیار کردہ صابن اور مختلف مصنوعات بنا رہی ہیں جو ایک برانڈ بن گیا ہے‘۔
ھیام العنزی نے بتایا ’ سال 2011 میں الجوف کے زیتون کے تیل کے گھریلو نسخے سے چھوٹا سا کاروبار شروع کیا۔ تیل کے یہ نسخے خاندانی میراث تھے جن میں کچھ تبدیلی کرنے کے بعد انہیں مزید بہتر بنایا اس کے علاوہ تیل سے مختلف اقسام کے صابن تیار کرنے میں بھی کامیابی حاصل کی۔‘
سعودی خاتون کا کہنا تھا ’ الجوف کے زیتون کا تیل بالوں کی جملہ مشکلات کو حل کرنے کے لیے تیر بدف علاج ثابت ہوتا ہے جن میں بالوں کا گرنا، گنج پن اور بال جھڑ کی بیماریاں شامل ہیں۔
بالوں کے علاج کے دورانیے کے سوال پر کہنا تھا کہ’ مختلف حالات میں دورانیہ بھی مختلف ہوتا ہے ’بال جھڑ‘ کے لیے کم از کم چھ ماہ مسلسل تیل استعمال کرنا ضروری ہے۔‘
ھیام العنزی نے مزید کہا’ ان کا تیار کردہ تیل ’لولیتا ‘ کو الجوف زیتون فیسٹیول 2025 میں پہلا گورنر ایوارڈ بھی ملا تھا۔‘
اس وقت سعودی خاتون اپنے بنائے ہوئے صابن کی برانڈنگ کررہی ہیں وہ اپنی مصنوعات کو کمرشل سطح پر ایک فیکٹری میں تیار کراتی ہیں تاکہ بہتر اور وسیع طریقے سے اس کی مارکیٹنگ کی جاسکے۔
انہوں نے اپنی مصنوعات کی تشہر اور فروخت کے لیے ایک آن لائن سٹور بھی قام کیا ہے۔
