Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وائٹ ہاؤس میں ’والہانہ استقبال‘، کرسٹیانو رونالڈو صدر ٹرمپ کے مشکور

عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو اور ان کی منگیتر جورجینا روڈریگز نے انسٹاگرام پر وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب میں مقیم اس جوڑے نے رواں ہفتے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتونِ اوّل میلانیا ٹرمپ سے ملاقات کی۔
کرسٹیانو رونالڈو نے لکھا کہ ’محترم صدر، آپ کی دعوت کا شکریہ۔ آپ نے میرا اور میری ہونے والی اہلیہ کا جس گرمجوشی سے استقبال کیا، میں اس کا تہہِ دل سے شکر گزار ہوں۔ میں اور میری ہونے والی اہلیہ آپ کے اس استقبال کے لیے دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’ہم سب کے پاس دینے کے لیے کچھ نہ کچھ معنی خیز ہوتا ہے، اور میں نئی نسل کو ہمت، ذمہ داری اور دیرپا امن سے بھرپور مستقبل کی طرف لے جانے میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہوں۔‘
 
جورجینا روڈریگیز نے اس موقع پر سیاہ رنگ کی ٹرٹل نیک شرٹ کے اوپر گہرے رنگ کا فل لینتھ فر کوٹ، گھٹنوں تک لمبا سکرٹ، سیاہ ٹائٹس اور ہائی ہیلز پہن رکھی تھیں۔
وائٹ ہاؤس کے انسٹاگرام اکاؤنٹ نے بھی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں صدر ٹرمپ اور کرسٹیانو رونالڈو ایک راہداری میں ہنستے ہوئے گزر رہے ہیں۔
یہ جوڑا منگل کی رات ہونے والے بلیک ٹائی ڈنر میں بھی شریک ہوا جہاں صدر ٹرمپ نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا استقبال کیا۔
تقریب میں کئی اہم کاروباری شخصیات نے شرکت کی جن میں ایلون مسک، ایپل کے سی ای او ٹِم کُک اور فیفا کے صدر جیانی انفانتینو شامل تھے۔
یاد رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو نے 2022 میں برطانوی کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کو چھوڑ کر ریاض کے النصر کلب میں شمولیت اختیار کی تھی۔

 

شیئر: