جنرل اسمبلی کی فلسطین کے حقوق کے لیے بھرپور حمایت، عرب پارلیمنٹ کا خیرمقدم
عرب پارلیمنٹ کے سپیکر محمد بن احمد الیمحی نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے فلسطین کے حقوق کے لیے منظور کی گئی اہم قراردادوں کا خیرمقدم کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق عرب پارلیمنٹ کے سپیکر محمد بن احمد الیمحی نے کہا ہے کہ ’اِن قراردادوں کی بھاری اکثریت سے منظوری عالمی برادری کے انصاف اور بین الاقوامی قانون کے لیے مضبوط عزم کی عکاسی کرتی ہے۔‘
اُردن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق منظور کی گئی قراردادوں میں فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور مشرقی یروشلم کو دارالحکومت بنا کر ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی توثیق شامل ہے۔
اراکین نے اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے فلسطینی مہاجرین کے مینڈیٹ میں توسیع کی منظوری بھی دی، جس کے ذریعے علاقے میں لاکھوں مہاجرین کے لیے اہم انسانی معاونت کا سلسلہ جاری رہے گا۔
اپنے بیان میں محمد بن احمد الیمحی نے کہا کہ ’اس بھرپور حمایت سے واضح ہوتا ہے کہ عالمی برادری اسرائیلی قبضے کے تحت نافذ غیر قانونی اقدامات جن میں زمینوں کا الحاق، آبادکاری کا پھیلاؤ، جبری بے دخلی اور نسل کشی جیسے اقدامات شامل ہیں، کو مسترد کرتی ہے۔
انہوں نے اُن ممالک کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے قراردادوں کے حق میں ووٹ دیا اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی حمایت کی۔
محمد بن احمد الیمحی کے مطابق ’یہ ووٹ غزہ پر حملوں کو روکنے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے عالمی کوششوں کو مضبوط بنانے کی سمت اہم قدم ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہ پیش رفت قبضے کے خاتمے اور خطے میں پائیدار، منصفانہ امن کے لیے مزید مؤثر عالمی اقدامات کی بنیاد فراہم کرتی ہے، جو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عرب امن منصوبے کے مطابق ہو۔‘
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عرب پارلیمنٹ علاقائی و بین الاقوامی سطح پر اپنی پارلیمانی اور سفارتی کوششیں جاری رکھے گی تاکہ فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے مزید حمایت حاصل کی جا سکے اور انہیں پوری خودمختاری اور آزادی کے ساتھ، یروشلم کو دارالحکومت بنا کر اپنی ریاست قائم کرنے کا حق مل سکے۔
