امریکہ جانے والوں کو اب یکم جنوری سے سفر اور امیگریشن کی مد میں کتنی فیس دینی ہوگی؟
اتوار 23 نومبر 2025 16:58
یو ایس کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن کے مطابق نئی فیسیں نئے برس کے آغاز سے نافذ ہوں گی۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
امریکہ یکم جنوری 2026 سے سفری اور امیگریشن سے متعلق مختلف فیسوں میں اضافہ کرنے جا رہا ہے، جو کہ افراطِ زر کے باعث ہونے والی سالانہ ایڈجسٹمنٹ کا حصہ ہے۔ یہ فیصلہ ون بگ بیوٹی فل بل ایکٹ (ایچ آر-1) کے تحت کیا گیا ہے، جو محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کو مخصوص فیسوں میں سالانہ تبدیلی کا پابند بناتا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق فیسوں میں یہ اضافہ الیکٹرانک ویزا اپڈیٹ سسٹم (ای وی یو ایس)، الیکٹرانک سسٹم فار ٹریول آتھرائزیشن (ای ایس ٹی اے) اور پیرول فیس پر لاگو ہو گا، جو قلیل مدت کے لیے ملک میں داخلے کی اجازت حاصل کرنے والے غیرملکیوں سے وصول کی جاتی ہے۔
یو ایس کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن کے مطابق نئی فیسیں نئے برس کے آغاز سے نافذ ہوں گی۔ فیڈرل رجسٹر میں شائع نوٹس کے مطابق اہم تبدیلیاں درج ذیل ہیں:
اہم فیسوں میں اضافہ
پیرول فیس: 1000 ڈالر سے بڑھ کر 1020 ڈالر
ای ایس ٹی اے فیس: 40 ڈالر سے بڑھ کر 40.27 ڈالر
ای وی یو ایس فیس: 30 ڈالر سے بڑھ کر 30.75 ڈالر (یہ فیس صرف چینی B-1/B-2 ویزا ہولڈرز کے لیے ہے۔)
مختلف فارموں کی نئی فیسیں
امریکی کسٹمز کے نوٹس میں پناہ گزینوں، عارضی محفوظ درجے کے حامل افراد اور پیرول کے تحت ورک پرمٹ کے لیے درخواست دینے والوں سے متعلق فارموں کی فیسوں میں بھی اضافے کا اعلان کیا گیا ہے۔ نئی فیسیں درج ذیل ہیں:
سالانہ پناہ کی درخواست فیس: 102 ڈالر (پہلے 100 ڈالر تھی، اور اس وقت عدالت کے حکم کے تحت عارضی طور پر معطل ہے)
فارم ،I-765ابتدائی اسائلم کی درخواست ای اے ڈی : 560 ڈالر (پہلے 550 ڈالر)
فارم ،I-765ابتدائی پیرول ای اے ڈی: 560 ڈالر (پہلے 550 ڈالر)
فارم ،I-765پیرول ای اے ڈی کی تجدید یا توسیع: 280 ڈالر (پہلے 275 ڈالر)
فارم ،I-765ابتدائی ٹی پی ایس ای اے ڈی: 560 ڈالر (پہلے 550 ڈالر)
فارم ،I-765ٹی پی ایس ای اے ڈی کی تجدید یا توسیع: 280 ڈالر (پہلے 275 ڈالر)
فارم ،I-131پارٹ 9، ری-پیرول ای اے ڈی: 280 ڈالر (پہلے 275 ڈالر)
فارم I-821، ٹی پی ایس درخواست فیس: 510 ڈالر (پہلے 500 ڈالر)
