ریاض میں یمنی ویک، ہزاروں زائرین کی آمد
اتوار 23 نومبر 2025 10:57
’یمنی ہفتے کی سرگرمیوں میں مختلف قومیتوں کے زائرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ہے‘ ( فوٹو: سبق)
ریاض میں ’عالمی ہم آہنگی‘ اینیشیٹو کے تحت یمنی ہفتے کی سرگرمیاں جاری ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق عالمی ہم آہنگی اینیشیٹو وزارتِ اطلاعات کی جانب سے جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی اور پروگرام کوالٹی آف لائف کے تعاون سے منعقد ہیں۔
یمنی ہفتے کی سرگرمیوں میں سعودی عرب میں مقیم مختلف قومیتوں کے زائرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ہے۔

انہوں نے مختلف سرگرمیوں کے ذریعے پیش کی جانے والی یمنی ثقافت اور طرزِ زندگی کے مختلف پہلوؤں سے آگاہی حاصل کی ہے۔
زائرین نے فنونِ لطیفہ اور ثقافتی مظاہروں کے ساتھ بھرپور حصہ لیا جو یمنی شناخت کی گہرائی کو اجاگر کرتے ہیں، جیسے کہ روایتی رقص، فنی شو، قدیم ملبوسات اور مختلف دستکاریوں کے کام، اس کے علاوہ موسیقی کے پروگرام۔
تقریب کے مختلف سٹالز نے یمنی زندگی کے وسیع پہلو پیش کئے ہیں، جن میں زائرین کو یمن کے شہروں، بستیوں اور مختلف علاقوں میں رائج طرزِ زندگی سے واقف ہونے کا موقع ملا۔

اس کے ساتھ ساتھ وہ روایتی ملبوسات سے بھی متعارف ہوئے جو یمنی ماحول کے تنوع اور ثقافتی دولت کی عکاسی کرتے ہیں۔
ہزاروں زائرین نے دستکاریوں کے مخصوص سٹال کا رخ کیا جہاں انہوں نے یمنی روایتی صنعتوں، خصوصاً دھاتوں کے ہنرمندانہ کام اور یمن کی نمایاں مصنوعات کو بے حد سراہا۔
اسی تناظر میں یمنی مقیمین نے وزارتِ اطلاعات اور جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کا شکریہ ادا کیا اور اس تقریب کو ایک اہم ثقافتی سرگرمی قرار دیا جو یمنی کمیونٹی کو سعودی عرب اور دنیا بھر کے بھائی چارے کے رشتوں سے جوڑتی ہے۔

یمنی ثقافت کا یہ ہفتہ آج بھی نئے فنی مظاہروں اور تفریحی سرگرمیوں کے ساتھ جاری رہے گا، جن میں روایتی ورثے اور فنی نمائشوں کو اجاگر کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ انٹرایکٹو پروگرام بھی ہوں گے جو زائرین کا استقبال ایسے ماحول میں کریں گے جو تنوع کے حسن اور ’عالمی ہم آہنگی‘ کے تحت یمنی ثقافتی امتیاز کو نمایاں کرتا ہے۔