سعودی ولی عہد کے دورہ امریکہ کی دنیا بھر میں ریکارڈ میڈیا کوریج
اتوار 23 نومبر 2025 20:09
48 گھنٹے سے کم وقت میں شائع ہونے والا مواد ایک لاکھ 20 ہزار سے زیادہ رہا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر اطلاعات سلمان الدوسری نے کہا ہے کہ ’ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ امریکہ کی دنیا بھر میں ریکارڈ میڈیا کوریج ہوئی ہے۔‘
الاخباریہ کے مطابق سلمان الدوسری نے اتوار کو ریاض میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’سعودی ولی عہد کے دورہ امریکہ کے حوالے سے 48 گھنٹے سے بھی کم وقت میں شائع ہونے والا مواد ایک لاکھ 20 ہزار سے زیادہ رہا جبکہ چار ارب سے زیادہ میڈیا کوریج ریکارڈ کی گئی۔‘
سعودی وزیر اطلاعات نے معیشت کے حوالے سے بتایا ’ مملکت میں تجارتی سرگرمیوں میں بھی ریکارڈ اضافہ نوٹ کیا گیا۔ گزشتہ اکتوبر کے اختتام تک تجارتی رجسٹریشن کی 1.8 ملین رجسٹرڈ کی گئی جو کہ گزشتہ برس اسی عرصے کے مقابلے میں 18 فیصد زیادہ ہے۔‘
انہوں نے بتایا’ مملکت میں سال 2024 کے دوران عسکری اخراجات کی لوکلائزیشن کی شرح کو بڑھا کر 25 فیصد کیا گیا۔ سال 2030 عسکری اخراجات کی لوکلائزیشن کا ہدف 50 فیصد تک ہے جس کا مقصد عسکری مصنوعات کی قومی سطح پرتیاری ہے۔‘
انہوں نے بتایا’ مملکت نے ثقافتی سرمایہ کاری کانفرنس 2025 کا انعقاد کیا جس میں معاہدے 5 ارب ریال سے تجاوز کرگئے تھے جس کا مقصد ثقافتی شعبے میں ترقی اور مقامی صنعت کا فروغ ہے۔‘
سلمان الدوسری کا کہنا تھا ’ریاض میں 120 ممالک کی شرکت کے ساتھ ورلڈ ٹورازم فورم ’ٹورائز‘کا کامیاب انعقاد کیا گیا جس میں عالمی سطح پر سیاحت کے مستقبل کے تحفظ کےلیے 113 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی، اس شعبے میں مملکت کی پوزیشن عالمی سطح پر بھی مستحکم ہوئی۔
وزیر اطلاعات نے سپورٹس کے حوالے سے مملکت کے بڑھتے ہوئے کردار اجاگر کیا اور کہا ’ ریاض میں 57 ممالک پر مشتمل چھٹے اسلامی یکجہتی گیمز کی میزبانی کی جس کا مقصد سپورٹس کی سرگرمیوں کو بڑھانا ہے۔‘
