قلعہ سیف اللہ میں نایاب جنگلی جانور ’افغان اڑیال‘ کا شکار کرنے والے چار ملزمان گرفتار
اتوار 23 نومبر 2025 21:36
زین الدین احمد، اردو نیوز، کوئٹہ
بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں قیمتی اور نایاب نسل کے جنگلی جانور ’افغان اڑیال‘ کا غیرقانونی شکار کرنے والے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
کارروائی کے دوران شکار کیا گیا جانور اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔
محکمہ جنگلات و جنگلی حیات کے مطابق اڑیال کا شکار قلعہ سیف اللہ کے پہاڑی علاقے گڑنگ میں کیا گیا تھا۔
مقامی کمیونٹی کی نشاندہی پر ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔
محکمہ جنگلات کے عہدیدار محمد فاروق جدون نے اردو نیوز کو بتایا کہ گرفتار شکاریوں میں لورالائی کے رہائشی ضیا الرحمان عبداللہ زئی، رحمت اللہ کاکڑ، محمد امین دمڑ اور دکی کے رہائشی عطاء اللہ کاکڑ شامل ہیں۔
ان کے قبضے سے تین بندوقیں اور شکار کیا گیا جانور برآمد کیا گیا۔
محکمہ کے مطابق ملزمان کے خلاف بلوچستان وائلڈ لائف ایکٹ 2014 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
افغان اڑیال اس قانون کے شیڈول تھری میں شامل ایک پروٹیکٹڈ یعنی تحفظ یافتہ جانور ہے اور اس کا شکار قابلِ سزا جرم ہے۔
ابتدائی معائنے کے مطابق شکار کیا گیا افغان اڑیال تقریباً چھ سال عمر کا تھا اور اسے بندوق سے نشانہ بنایا گیا۔
افغان اڑیال ایک نایاب اور قیمتی جنگلی بھیڑ ہے جو بلوچستان کے علاوہ افغانستان اور وسطی ایشیا کے بعض ممالک میں بھی پائی جاتی ہے۔
عالمی ادارے آئی یو سی این نے اسے خطرے سے دوچار انواع کی فہرست میں شامل کیا ہے۔ بلوچستان میں اس کے شکار اور منتقلی پر مکمل پابندی عائد ہے، اور خلاف ورزی پر قید اور جرمانے کی سزائیں مقرر ہیں۔
محکمہ جنگلی حیات کے مطابق افغان اڑیال کی ٹرافی ہنٹنگ کی کم از کم قیمت 20 ہزار ڈالر سے شروع ہوتی ہے۔